آسٹریلیا: میچ کے دوران پاکستانی نژاد کرکٹر پچ پر گر کر انتقال کرگیا

آسٹریلیا: میچ کے دوران پاکستانی نژاد کرکٹر پچ پر گر کر انتقال کرگیا

میلبرن: شدید گرمی کے دوران کرکٹ میچ کھیلتے ہوئے کھلاڑی پچ پر گر کر انتقال کر گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے شہر ایڈلیڈ میں کلب کرکٹر جنید ظفر خان 41.7 ڈگری کی شید گرمی میں بیٹنگ کے دوران اچانک پچ پر گر کر انتقال کرگئے۔ یہ افسوسناک واقعہ ہفتہ کے روز کانکورڈیا کالج اوول میں پیش آیا جہاں اولڈ کانکورڈینز کرکٹ کلب کے کھلاڑی جنید ظفر خان نے 40 اوورز تک فیلڈنگ کی اور 7 اوورز تک بیٹنگ کرنے کے بعد وہ میدان میں بے ہوش ہوگئے۔ 40 سال سے زائد عمر کے حامل جنید ظفر خان کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ایمبولینس طلب کی گئی تاہم پیرامیڈیکس کی تمام تر کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے۔ کلب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جنید ظفر خان کی اچانک وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہیں۔ میچ کے دوران وہ طبی پیچیدگی کا شکار ہوئے اور پیرامیڈیکس کی کوششوں کے باوجود جانبر نہ ہو سکے۔ کلب نے ان کے اہل خانہ، دوستوں اور ساتھی کھلاڑیوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ ایڈیلیڈ ٹرف کرکٹ ایسوسی ایشن کے قوانین کے مطابق اگر درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر جائے تو میچ منسوخ کر دیا جاتا ہے، تاہم 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک کھیل جاری رکھنے کی اجازت ہوتی ہے، بشرطیکہ کھلاڑیوں کو اضافی وقفے اور پانی پینے کی سہولت فراہم کی جائے۔ جنید ظفر خان رمضان کے روزے رکھ رہے تھے، تاہم ان کے ایک قریبی دوست کے مطابق وہ دن بھر پانی پیتے رہے تھے۔ اسلامی سوسائٹی آف ساؤتھ آسٹریلیا کے صدر احمد زریکیہ نے جنید ظفر خان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موت کی حتمی وجہ معلوم ہونے تک قیاس آرائیوں سے گریز کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان میں روزے صدیوں سے دنیا بھر میں لاکھوں افراد رکھتے ہیں، جن میں کھلاڑی اور سخت جسمانی مشقت کرنے والے بھی شامل ہیں۔ اسلام میں بیمار یا کمزور افراد کو روزہ نہ رکھنے کی اجازت ہے اور اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ صرف روزہ رکھنے سے اچانک طبی پیچیدگی پیش آ سکتی ہے۔