کراچی: 6جنوری کو مصطفیٰ اور ارمغان کے درمیان کیا ہوا تھا؟ ملزم شیراز کے سنسنی خیز انکشافات
کراچی میں مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تحقیقات کے دوران شریک ملزم شیراز نے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مصطفیٰ عامر قتل کیس میں گرفتار شریک ملزم شیراز کی سنسنی خیز انٹیروگیشن رپورٹ سامنے آگئی۔
رپورٹ کے مطابق ملزم شیراز نے بتایا ہے کہ ارمغان کے پاس بہت پیسہ تھا اس لیے دوستی کی، نیو ایئر نائٹ پرارمغان نے اپنے بنگلے پر پارٹی رکھی، 5 جنوری کو ارمغان نے کال کرکے شیراز کو بنگلے پر بلایا، رات 10 بجے جب بنگلے پر پہنچا تو ارمغان کے ساتھ ایک لڑکی کو موجود پایا۔
انویسٹی گیشن رپورٹ کے مطابق ارمغان نے لڑکی سے جھگڑا کیا تھا اور لڑکی کے پاؤں پر خون لگاہوا تھا، شیراز کے پہنچنے کےبعد ارمغان نے لڑکی کو آن لائن کیب میں واپس بھیج دیا۔
رپورٹ کے مطابق 6 جنوری کو مصطفیٰ نے کال کرکے ارمغان کے بنگلے پر شیراز کو بلایا، مصطفیٰ نے ارمغان کو ایک شاپر دیا جس کےبدلے میں ارمغان نے ڈیڑھ لاکھ روپے دیے، کچھ دیر بعد ارمغان نے مصطفیٰ کو گالیاں دینے کے بعد سیاہ رنگ کے ڈنڈے سے مارنا شروع کردیا، اس کے سر اورگھٹنوں پر مارا جس کے باعث اس کا خون بہنا شروع ہوگیا۔
انٹیروگیشن رپورٹ کے مطابق ارمغان نے پھر ایک رائفل اٹھائی اور دیوار پر 2 فائر کیے، دھمکانے کے بعد مصطفیٰ کو اسی کی گاڑی میں ڈال دیاگیا اور بعدازاں بلوچستان لے جاکر گاڑی سمیت جلا دیاگیا۔
انٹیروگیشن رپورٹ کے مطابق ارمغان کے گھر پر خون کے نشانات کو ملازمین سے صاف کروایاگیا، ملزم نے بتایا کہ اسے علم نہیں ہے کہ مصطفیٰ کی والدہ کو تاوان کی کال کس نے کی ۔
پولیس کے مطابق کیس میں گرفتار ملزم شیرازجسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے، ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
0 تبصرے