وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نیشنل بینک اسٹیڈیم کا افتتاح کردیا

کراچی میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کےلیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نیشنل بینک اسٹیڈیم کا افتتاح کردیا

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی سی سی چیمپئیز ٹرافی 2025 کےلیے نیشنل اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور نئی سہولیات کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ تقریب میں صدر آصف علی زرداری کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ریکارڈ مدت میں تزئین و آرائش مکمل کرنے پر چیئرمین پی سی بی کی تعریف کی۔ تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے شہر میں کھیلوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے سندھ حکومت کی سابقہ کاوشوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں پی ایس ایل میچز کےلیے نیشنل اسٹیڈیم کی اپگریڈیشن کی گئی تھی ۔ انہوں نے کراچی کے کرکٹ سے والہانہ لگاؤ پر زور دیتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی حکومت ہر سطح پر اس کھیل کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔مراد علی شاہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم کراچی میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی کےلیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے پاکستان کرکٹ ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ہم امید کرتے ہیں کہ ہمارے شاہین شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔انہوں نے آخر میں کہا کہ جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہیں لیکن ہمیں ہمیشہ میدان میں لڑنے کے جذبے کے ساتھ اترنا چاہیے۔