گزشتہ پانچ سالوں میں 28 لاکھ پاکستانی وطن چھوڑ گئے

گزشتہ پانچ سالوں میں 28 لاکھ پاکستانی وطن چھوڑ گئے

کراچی: گزشتہ پانچ برس میں 28لاکھ پاکستانی قانونی ذرائع سے بیرون ملک ہجرت کر گئے جبکہ ملک میں 37فیصد افراد ایسے ہیں جو بیرون ملک جانے کے خواہشمند ہیں، جن میں اکثریت پڑھے لکھے نوجوانوں کی ہے۔ایک طرف کم پڑھے لکھے افراد غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش میں اپنی جانیں گنوا رہے ہیں، تو دوسری جانب قانونی طور پر ملک سے نکلنے کا رجحان بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق 1971 سے 2022 تک 60 لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے ملک چھوڑا، جن میں ڈھائی لاکھ اعلی تعلیم یافتہ، ساڑھے چار لاکھ انتہائی ہنر مند، اور ترپن لاکھ پیشہ ور ہنرمند شامل تھے۔ مراعات یافتہ ہونے کے باوجود 36 فیصد نوجوانوں نے بیرون ملک جانے کو ترجیح دی۔موجودہ صورتحال کے مطابق 37 فیصد پاکستانی بیرون ملک جا کر بسنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق 30 فیصد نوجوان سعودی عرب، 20 فیصد دبئی، 9 فیصد برطانیہ، 8 فیصد کینیڈا اور امریکہ، جبکہ 5 فیصد یورپ جانے کے خواہشمند ہیں۔ملک چھوڑنے والے افراد میں اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے، اسلام آباد سے 46 فیصد جبکہ خیبرپختونخوا سے 35 فیصد نوجوان بیرون ملک جا چکے ہیں۔