آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرا ہتمام 12ویں روز تھیٹر ”سلیم کا ڈرامہ“پیش
کراچی (وسیم قریشی) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرا ہتمام 21 روزہ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول“ کے 12ویں روز تھیٹر ”سلیم کا ڈرامہ“پیش کیاگیا، ڈرامے کے لکھاری و ہدایت کار سلیم آفریدی تھے، کاسٹ میں سلیم آفریدی، مہک نور، شمائل خان، سپنا غزل شامل تھے جبکہ اکرم سونو گروپ نے فوک ڈانس پرفارمنس کا شاندار مظاہرہ کیا۔ ڈرامہ ”آل ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ“ پر مبنی تھا جو عالم بالا میں ظہور پذیر ہوتا ہے، یہ ایوارڈ پاکستان کے ایک ایسے فن کار کو ملنے جارہا ہے جو آرٹ کے مختلف شعبوں کا ماہر اور مقبول ہے، ڈرامے کا آغاز ڈانس گروپ کی پرفارمنس سے ہوتا ہے اس کے بعد ایک ہوسٹ شو اور ایوارڈ کے بارے میں بتاتے ہوئے جنرل مشرف کے آنے کا اعلان کرتی ہے، سلیم آفریدی ڈرامے میں پرویز مشرف، کے پی کے کا PK، جون ایلیا، راحت اندروی اور اسٹینڈ اپ کامیڈین کے روپ میں اداکاری کرتے نظر آئے، ڈرامہ کے دوران مہک نور، شمائل خان، سپنا غزل اور دیگر فنکاروں کی پرفارمنس کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے، آخر میں ہوسٹ سلیم آفریدی کو ون مین شو کے لیے بلاتی ہے ، سلیم خود آکر پرفارم کرتا ہے چونکہ مہمان خصوصی آجائے تو آل ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کا اعلان کرنے لگتا ہے، ہوسٹ روکتی رہ جاتی ہے مگر وہ ایک ایسی شخصیت کے نام ایوارڈ کے لیے پکارتا ہے جسے سن کر پبلک حیرت میں مبتلا ہوجاتی ہے، ڈرامہ میں دکھایا گیا کہ مرنے کے بعد عالم بالا میں انسانیت دوست فنکار ”اکبر خان“ کو ان کی خدمات کے اعتراف میں یہ ایوارڈ ملتا ہے، بنیادی طور پر سلیم آفریدی نے اپنے ڈرامے میں معروف آرٹسٹ اکبر خان (مرحوم) کو بھی ٹریبیوٹ پیش کیا ہے۔ڈرامہ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فنکاروں کی پرفارمنس کو خوب سراہا۔
0 تبصرے