بول ملازمین کے واجبات کی وصولی کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھانے کا عزم ۔ ریجنل ڈائریکٹر پیمرا طفیل چنہ کو یادداشت پیش
کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے تحت بول نیوز کے ملازمین کو اجرت کی عدم ادائیگی اور واجبات کے حصول کے لیے پیمرا ریجنل آفس کے باہر صحافیوں کی بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس احتجاج میں پی ایف یو جے کے سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ، کے یوجے کے جنرل سیکریٹری سید نبیل اختر ، کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر کاشف ہاشمی ، جنرل سیکریٹری ریحان چشتی ، کے یو جے کے سابق سیکریٹری نعمت خان ، جوائنٹ سیکریٹری سہیل رب خان سمیت خواتین صحافیوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جس میں اپنے حقوق کے مطالبے پر مبنی نعرے درج تھے۔احتجاجی مظاہرہ پیمرا ریجنل آفس کے باہر شروع ہوا اور کچھ دیر بعد صحافی مظاہرین نے سڑک بلاک کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا۔
احتجاج سے سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ نے بول متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ آخری مظاہرہ نہیں۔ چینل مالکان ورکنگ جرنلسٹ کا استحصال کرتے چلے آئے ہیں ،ایسے میں پیمرا کی ذمہ داری ہے کہ وہ صحافیوں کے آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے اور بول انتظامیہ کو واجبات کی ادائیگی کے لیئے پابند کرے ۔بصورت دیگر کراچی بھر کے صحافی پیمرا اور بول کے گھیراؤ پر مجبور ہوں گے ۔
جنرل سیکریٹری کے یوجے (دستور) سیدنبیل اختر نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ پیمرا کے سی او سی کے فیصلے کے تحت بول نیوز کو ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کا حکم دیا جاچکا ہے ۔ تاہم مقررہ مہلت گزر جانے کے باوجود متاثرہ ملازمین کو ادائیگیاں نہیں کی گئیں۔ بول نیوز کو پہلے 13 ستمبر کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی، جسے بعد میں 30 ستمبر تک بڑھا دیا گیا ۔ بول نیوز انتظامیہ نے ان احکامات کو نظرانداز کر دیا۔ایسی صورت میں پیمرا کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے قانونی حق کا استعمال کرتے ہوئے بول انتظامیہ کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انکے اشتہارات اور لائسنس منسوخ کرے۔
سابق صدر کراچی پریس کلب امتیاز خان فاران کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پیمرا نے بھی اپنی روایتی ضد اور صحافیوں کے حقوق کی پامالی کی پالیسی کو برقرار رکھا ہے۔ پیمرا اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے اور بول انتظامیہ کے خلاف ایکشن لے ۔
صحافیوں کے سڑک بلاک کرنے پر ریجنل ڈائریکٹوریٹ سے ڈپٹی ڈائریکٹر احتجاج میں تشریف لائے اور جنرل سیکریٹری کے یو جے دستور سید نبیل اختر سے درخواست کی کہ وہ احتجاج کو موخر کرکے ریجنل ڈائریکٹر طفیل احمد چنہ سے ملاقات کرکے اپنے مطالبات پیش کریں ۔
اسی اثنا میں ایک وفد نے اے ایچ خانزادہ اور سید نبیل اختر کی سربراہی میں پیمراسندھ ریجنل ہیڈ طفیل چنہ سے ملاقات کی اور اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے یاداشت پیش کی ۔ ریجنل ڈائریکٹر نے بول انتظامیہ سے سی او سی فیصلے پر عملدرآمد کی کوششوں سے آگاہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے پر چیئرمین پیمرا سے بات کریں گے ۔
مذکورہ ملاقات کے بعد جنرل سیکریٹری کے یو جے دستور سید نبیل اختر نے احتجاج کرنے والے صحافیوں کو ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بول انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ اگر انہوں نے ملازمین کے واجبات کی ادائیگی نہ کی یا تاخیری حربے استعمال کیے تو اگلا احتجاج بول نیوز کے باہر کیا جائے گا ۔
آخر میں پی ایف یو جے کے سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ نے احتجاج موخر کرنے کا اعلان کیا ۔
0 تبصرے