ملاقات میں ریگولر ٹیکس دہندگان کو ہراساں نہ کرنے اور صرف ٹیکس چوروں، نادہندگان کو نوٹس جاری کرنے پر اتفاق کیا گیا
اسلام آباد ( )صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس ( ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ کی قیادت میں وفد کی چیئرمین ایف بی آر سے ملاقات ہوئی ،ملاقات میں ریگولر ٹیکس دہندگان کو ہراساں نہ کرنے ، صرف ٹیکس چوروں، نادہندگان کو نوٹس جاری کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ فیڈریشن کے جائز مطالبات ، سیلز ٹیکس فائلنگ سے متعلق حلف نامے کی شرط ختم کرنیکی تجویز سے متفق ہیں، ایف پی سی سی آئی تاجروں اور صنعتکاروں کوشفاف طریقے سے ریٹرن فائل کرنیکی ہماری کوششوں کی حمایت کرے، ٹیکسز کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے ٹیکس کی شرح میں کمی کی جانی چاہیے، تاہم، موجودہ حالات میں یہ ممکن نہیں، گزشتہ 2سے3سال معیشت کیلئے بہت تکلیف دہ رہے ، اقتصادی اشاریوں نے بہتری دکھانا شروع کر دی ہے۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ فیڈریشن کے مطالبے پر ایف بی آر کی طرف سے کمپنیوں کے چیف فنانشل آفیسرز سے حلف نامے پر دستخط کا مطالبہ واپس لینا خوش آئند ہے ، معاشی شرح نمو میں سست روی کی وجہ سے منی بجٹ اور پسے ہو ئے دہندگان پر مزید ٹیکس لگ سکتے ہیں۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ تاجر دوست سکیم کو بغیر مشاورت کے لاگو کیا گیا تھا جس کی وجہ سے مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہو سکے ، انڈسٹریل اسٹیٹس کو ریگولر ٹیکس اسکیم میں شامل کرنے سے سرمایہ کاروں کے بہت نقصانات ہو نگے۔
0 تبصرے