بیت المقدس پوری امت کا اجتماعی مسئلہ ہے اس پر یہود کا قبضہ کسی طور نہیں ہونے دیا جائیگا۔محمد حسین محنتی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ بیت المقدس پوری امت کا اجتماعی مسئلہ ہے اس پر یہود کا قبضہ کسی طور نہیں ہونے دیا جائیگا۔تحریک مزاحمت اپنا لہو بہا کر قربانیوں اور عزیمتوں کی عظیم داستان مرتب کر رہی ہے۔اس بات کا اظہار انہوں نے وفد کے ساتھ ایرانی قونصل جنرل حسن ریان سے ملاقات میں کیا۔
ایرانی قونصل جنرل نے ملاقات میں کہاکہ شہادتوں سے اس پوری جدوجہد کو مزید تقویت ملتی ہے۔اسماعیل ہانیہ، حسن نصراللہ سمیت دیگر ساتھیو کی شہادت رنگ لارہی ہے اورسال بھر میں اسرائیل کو مستقل شکست کا سامنا ہے۔غزہ میں جنگی جرائم کی مرتکب صیہونی ریاست اسرئیل کو امریکہ ویورپ کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے۔ دوسری طرف عرب ممالک کی خاموشی سوالیہ نشان ہے کیونکہ گریٹر اسرائیل نقشے میں مکہ مدینہ بھی شامل ہے۔قونصل جنرل نے مغربی میڈیا کے پروپیگنڈے کو رد کرتے ہوئے کہا کہ امت میں تفریق کی سازش امریکہ و اس کے آلہ کاروں کا اولین ہدف ہے۔
وفد میں جماعت اسلامی کے سینئر رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی شامل تھے۔
وفد نے غزہ لبنان ایران سمیت عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے حملوں کا دائرہ بڑھا کر عالمی امن کو بھی خطرے میں ڈالا ہے، اس معاملے پر امت میں کوئی تفریق نہیں ہونی چاہیے اور سب کو یہود کے خلاف ہونے والی مزاحمت کی پشت پناہی کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی دادرسی اوراسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کا کردارقابل تحسین اور قابل تقلید ہے۔
بعد ازاں امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے حسن نصر اللہ سمیت شہدائے غزہ و لبنان کی قربانیوں پر تاثرات بھی قلمبند کیے۔
0 تبصرے