مقابلوں میں اردو، سندھی، اور انگریزی زبانوں میں الگ الگ تقاریر کے مقابلے ہوئے
ٹنڈو جام؛ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے انٹر یونیورسٹی ڈبیٹ مقابلوں میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ سمیت دیگر شریک طلباء کی وائس چانسلر سے ملاقات، تفصیلات کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد میں انٹر یونیورسٹی ڈبیٹ مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں سندھ بھر کی 18 سرکاری اور غیر سرکاری یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ ان مقابلوں میں اردو، سندھی، اور انگریزی زبانوں میں الگ الگ تقاریر کے مقابلے ہوئے، جن میں سندھ زرعی یونیورسٹی کے پانچ طلباء نے تینوں زبانوں میں شرکت کی۔ مجموعی طور پر سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کی طالبہ آمنہ بلوچ نے تیسری پوزیشن حاصل کی، اس سلسلے میں کامیاب طالبہ آمنہ بلوچ اور دیگر طلباء نے بزنس انکیوبیشن سینٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹر غلام حسین وگن کی قیادت میں شیلڈ اور سرٹیفکیٹس کے ساتھ وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر غلام حسین وگن نے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری کو ڈبیٹ پروگرام کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ اس قسم کے تقریری مقابلے طلباء و طالبات کو عملی زندگی میں اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کو منوانے میں مدد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں اعلیٰ تعلیمی ادارے ہیں جہاں سے نہ صرف تحقیق کے دروازے کھلتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو بڑی سطح پر سوچنے اور سمجھنے کی تربیت بھی ملتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیاں وہ مقامات ہیں جہاں ہر نئے دن کے ساتھ ترقی کے نئے تجربات اور ایجادات کی بنیاد رکھی جاتی ہے۔
0 تبصرے