ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے لیاری اور کھارادر کے عوام کے لیے ڈاؤ لیب کا افتتاح کردیا

نئی برانچ کا افتتاح رجسٹرار ڈاؤ یونیورسٹی ڈاکٹر اشعر آفاق نے کیا،

ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے لیاری اور کھارادر کے عوام کے لیے ڈاؤ لیب کا افتتاح کردیا

کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے لیاری اور کھارادر کے عوام کے لیے ڈاؤ لیب کا افتتاح کردیا، نئی برانچ کا افتتاح رجسٹرار ڈاؤ یونیورسٹی ڈاکٹر اشعر آفاق نے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر کمرشل اینڈ آپریشنز سلیم چوہان ، مبین احمد درانی ، سہیل حسین، راحیل بیگ اور دیگر موجود تھے۔ڈاکٹر اشعر آفاق نے کہا کہ بشمول کراچی، اندرون سندھ اور بلوچستان کے 17 شہروں میں لگ بھگ 80 ڈاؤ لیبز موجود ہیں، جن کا مقصد کم قیمت پر بہترین اور معیاری ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ڈاؤ لیب کے قیام کا بنیادی مقصد ہی تشخیص کی بہترین سہولتیں رعایتی نرخوں پر فراہم کرنا ہے، لیاری اور کھارادر میں ملی جُلی آبادی ہے، اس لیے ڈاؤ لیب یہاں کے لوگوں کی ضرورت کو پورا کرے گی، ڈاکٹر اشعرآفاق نے کہا کہ علاقے میں ڈاؤ لیب کے مزید کلیکشن سینٹر بھی کھولے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئی برانچ عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد دینے میں اہم کردار ادا کرے گی، بعدازاں ڈاؤ لیب کے ڈائریکٹر کمرشل اینڈ آپریشنز سلیم چوہان نے کہا کہ توسیعی منصوبے کے ساتھ ساتھ ہماری توجہ سروس کا معیار مزید بہتر بنانے پر مرکوز ہے، مزید برآں عوام کو ان کی سہولت کے مطابق خدمات فراہم کرنے کے لیے دیگر نئے منصوبوں پر غور جاری ہے تاکہ بہتر خدمات کے ساتھ ساتھ بہتر سے بہترین سروس کم قیمت پر لوگوں کو ان کے گھر کے قریب مل سکیں، قبل ازیں رجسٹرار ڈاکٹر اشعر آفاق نے ربن کاٹ کر نئی برانچ کا افتتاح کیا