بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آئینی ترمیم کا معاملہ مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 اکتوبر سے پہلے ترامیم ہو جائیں تو معاملہ پرامن طریقے سے حل ہو جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی، اس دوران رپورٹر نے سوال کیا کہ کیا آپ عمران خان کے فوجی ٹرائل کے حق میں ہیں؟ جس پر بلاول نے جواب دیا کہ دیکھنا ہے ثبوت کیا ہیں۔
ان سے پوچھا گیا کہ کیا مجوزہ آئینی ترامیم کی آخری تاریخ 25 اکتوبر ہے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ اگر 25 اکتوبر سے پہلے ترامیم ہو جائیں تو معاملہ پرامن طریقے سے حل ہو جائے گا۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم آئینی عدالت کے معاملے کو ایسے نہیں چھوڑیں گے، اسے مکمل کریں گے، ہم نے پہلے ہی اس میں کافی عرصے سے تاخیر کی ہے، یہ 2006 سے ہمارا مطالبہ ہے اور یہ ہمارے منشور کا حصہ بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم سے مارشل لاء کا راستہ روکا گیا، آئینی ترمیم نہ ہونے سے پیدا ہونے والی صورتحال کسی کے بس میں نہیں ہو سکتی۔
0 تبصرے