سندھ پبلک سروس کمیشن 28 سال سے زائد عمر کے نوجوانوں کی کمپیوٹرائزڈ سسٹم میں درخواستیں قبول نہیں کر رہا
کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے ملازمتوں کے لیے عمر میں رعایت ختم ہونے سے بے روزگار نوجوان مایوسی کا شکار ہیں، اب سندھ پبلک سروس کمیشن 28 سال سے زائد عمر کے نوجوانوں کی کمپیوٹرائزڈ سسٹم میں درخواستیں قبول نہیں کر رہا۔
نیوز کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے 30 ستمبر 2024 کو نوجوانوں کو ملازمتوں کے لیے دی گئی 15 سالہ رعایت کے بعد اب صرف 18 سے 28 سال کی عمر کے نوجوانوں کو ملازمتوں کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے۔
سندھ پبلک سروس کی جانب سے حال ہی میں جاری کی گئی سینکڑوں اسامیوں کے لیے 28 سال سے زائد عمر کے نوجوانوں کو نااہل قرار دیا گیا ہے، جس کے مطابق سندھ پبلک سروس کمیشن کا کمپیوٹرائزڈ نظام 28 سال سے زائد عمر کے نوجوانوں کی درخواستیں قبول نہیں کرتا۔
جس کی وجہ سے سندھ کے لاکھوں نوجوان مایوسی کا شکار ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب 5 سے 15 گریڈ کی نوکریوں کے لیے 3 سال قبل آئی بی اے کے ذریعے نوجوانوں سے ٹیسٹ لیے گئے، جس کے تحت کروڑوں روپے چالان کے طور پر وصول کیے گئے، لیکن تاحال کوئی نوکری نہیں مل سکی۔
اس طرح 3 سال قبل گریڈ 1 سے 4 تک کی نوکریوں کے لیے نوجوانوں سے درخواستیں لی گئيں تھیں لیکن اب تک انہیں نوکریاں نہیں مل سکیں۔
0 تبصرے