تقریب میں برانڈ ایمبیسیڈرز کی جانب سے موصول ہونے والے فیڈبیک فارمز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا
کراچی: صوبائی محتسب سندھ کے برانڈ ایمبیسیڈر پروگرام کے تحت جامعہ ہمدرد اور سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کے طلبہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب صوبائی محتسب کے دفتر میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی محتسب سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے برانڈ ایمبیسیڈرز اور دونوں جامعات کے اساتذہ کو خوش آمدید کہا۔ تقریب میں برانڈ ایمبیسیڈرز کی جانب سے موصول ہونے والے فیڈبیک فارمز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جس کی تجزیاتی رپورٹ مشیر صوبائی محتسب ریحانہ غلام علی میمن نے پیش کی۔
تجزیے کے مطابق عوام میں محتسب ادارے کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے لیے جامع آگاہی مہم کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر برانڈ ایمبیسیڈرز کو مؤثر گفتگو، وکالت کی مہارت، کمیونٹی آؤٹ ریچ اور براہِ راست رابطے کے طریقے سیکھنے کا موقع ملا۔
دونوں جامعات کے نمائندہ برانڈ ایمبیسیڈرز نے بھی تقریب سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ صوبائی محتسب سندھ نے برانڈ ایمبیسیڈرز کی کارکردگی کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے عوام اور طلبہ کو محتسب ادارے کے کردار اور ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جلد ایک انٹرن شپ پروگرام شروع کیا جائے گا جس کے تحت منتخب برانڈ ایمبیسیڈرز کو صوبائی محتسب کے ادارے کے ساتھ عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
0 تبصرے