کراچی میں ڈینگی، ملیریا اور چکن گنیا کے کیسز میں اضافہ

جناح اسپتال میں روزانہ ڈینگی، ملیریا اور چکن گونیا کی علامات کے 50 مریض آرہے ہیں

کراچی میں ڈینگی، ملیریا اور چکن گنیا کے کیسز میں اضافہ

کراچی (ویب ڈیسک) کراچی میں ڈینگی، ملیریا اور چکن گونیا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ جی پی ایم سی کے جنرل فزیشن ڈاکٹر فیصل جاوید کے مطابق جناح اسپتال میں روزانہ ڈینگی، ملیریا اور چکن گونیا کی علامات کے 50 مریض آرہے ہیں۔ ڈاکٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ڈینگی اور چکن گنیا کے مچھر صاف پانی میں افزائش کرتے ہیں جبکہ ملیریا کے مچھر گندے پانی میں افزائش کرتے ہیں۔ دریں اثناء سول ہسپتال کے ایمرجنسی انچارج ڈاکٹر عمران سرور نے بھی چکن پاکس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگے ٹیسٹ کی وجہ سے شہری چکن گونیا کی شناخت کرنے سے قاصر ہیں۔ دوسری جانب وزیر صحت عذرا پیچوہو نے سندھ میں رواں سال چکن پاکس کے 140 کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے ملیریا اور ڈینگی کی صورتحال کو بہتر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے بلدیاتی اداروں کو سپرے کی مہم چلانے کو کہا گیا ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق رواں سال سندھ میں ڈینگی کے 1394 اور ملیریا کے 1 لاکھ 81 ہزار 589 کیسز رپورٹ ہوئے۔