کراچی پریس کلب کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا شہید جان محمد مہر کی پہلی برسی کے موقع پر قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی پریس کلب کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام سینئیر صحافی اور کے ٹی این سکھر کے بیورو چیف شہید جان محمد مہر کی پہلی برسی کے موقع پر قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی ، سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد ، قائم مقام صدر پی ایف یو جے خورشید عباسی،صدر کے یو جے طاہر حسن خان ، سیکریٹری کے یو جے لیاقت کاشمیری، جوائنٹ سیکریٹری کراچی پریس کلب محمد منصف، سابق صدر کے پی سی امتیاز خان فاران، پیپ کے صدر محمد جمیل، ممبر گورننگ باڈی رانا جاوید عمران، شعیب احمد، مونا صدیقی، ممبر ایف سی سی جاوید چوہدری، نادرا مشتاق ، الطاف حسین سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نیکہا کہ ایک سال گزرنے کے بعد بھی جان محمد مہر شہید کے قاتلوں کی عدم گرفتاری سندھ پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے اور حکومت صحافیوں سمیت شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں یکسر ناکام ہو گئی ہے، صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی نے کہا کہ حکومت سندھ جان محمد مہر کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے، اگر اتنا احتجاج کرنے کے باوجود ایک سینئیر صحافی کے قاتل گرفتار نہیں ہورہے تو عام آدمی کو انصاف کا طرح فراہم کیا جائے گا، سندھ حکومت کی یہ اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ جان محمد مہر شہید کے اصل قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنوینر اور سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے کہا کہ شہید جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری نے جرائم پیشہ عناصر کے حوصلوں کو بلند کیا اور یہی وجہ رہی ہے کچھ دنوں بعد نصر اللہ گڈانی کو گھوٹکی میں شہید کردیا گیا، انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہید ساتھیوں کے مشن کو جاری رکھیں گے، اگر جان محمد مہر کے اصل قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا گیا تو جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تحت بھرپور احتجاجی مہم شروع کی جائے گی، پی ایف یو جے کے قائم مقام صدر خورشید عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نا صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان میں اپنے صحافی بھائیوں کے لاشے اٹھا رہے ہیں، صحافیوں کے خلاف ایک غیر اعلانیہ جنگ جاری ہے، انہیں کہی جان سے مارنے کی کوشش کی جارہی ہے تو کہیں ان کو نوکریوں سے برطرفی کرکے ان کا معاشی قتل کیا جارہا ہے،خورشید عباسی نے کہا کہ اگر جان محمد مہر شہید کے قاتلوں کو گرفتار نا کیا گیا تو ملک گیر احتجاج کی کال دی جائے گی اور ملک کے تمام پریس کلب میں قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا جائے گا، احتجاجی مظاہرے سے کے یو جے کے صدر طاہر حسن خان، سابق صدر امتیاز خان فاران، سیکریٹری لیاقت کشمیری، صدر پیپ محمد جمیل نے بھی خطاب کیا۔
0 تبصرے