سندھ حکومت نے لوکل گورنمنٹ کونسل ایسوسی ایشن کے تحت مفت ائیر ایمبولینس سروس کا آغاز کردیا ہے، ناصر شاہ/سعید غنی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے لوکل گورنمنٹ کونسل ایسوسی ایشن کے تحت مفت ائیر ایمبولینس سروس کا آغاز کردیا ہے۔آج کا دن ہمارے لئے خوش آئند ہے کہ ہم اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کو تکمیل دے رہے ہیں۔ سندھ میں مفت ائیر ایمبولینس سروس کے لئے سندھ لوکل کونسل ایسوسی ایشن اور ائیر کرافٹ کمپنی اے ایس ایس ایل کے مابین معاہدے سے صوبے کے عوام کو سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ سندھ میں گورنر کی تبدیلی اور سندھ کابینہ میں تبدیلیوں کی خبریں سوشل میڈیا پر دیکھ رہے ہیں۔ صدر آصف علی زرداری سے اسلام آباد میں ملاقات کا مقصد پنجاب میں ایک اعلٰی انسٹیٹیوٹ کے کیمپس کو سندھ میں کھولنے سے متعلق مشاورت تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سندھ لوکل کونسل ایسوسی اور اے ایس ایس ایل کے مابین ائیر ایمبولینس سروس کے معاہدے کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ ایئر ایمبولینس کا منصوبہ اہم ہے، جس سے گھوٹکی- سکھر خیرپور سے مریضوں کو کراچی ایئر ایمبولینس سے منتقل کیا جائے گا۔ سعید غنی نے کہا کہ اے ایس ایس ایل ایوی ایشن اور تین لوکل کونسلز کے درمیان معاہدہ ہوگا۔ کراچی سے دور 6 گھنٹے کی مسافت پر شہروں سے مریضوں کو لانا مسئلہ ہوتا ہے۔۔اب اس حوالے سے ایئر ایمبولینس سروس شروع ہورہی ہے یہ کارنامہ ہے۔ اس منصوبے سے ہم قیمتی جانوں کو بچا سکیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آج خوشی کا دن ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا یہ وژن تھا جو پورا ہورہا ہے۔ آج سندھ میں ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز ہونا اہم ہے۔ ناصر شاہ نے کہا کہ لوکل کونسلز سندھ اور اے ایس ایس ایل درمیان ایئر ایمبولینس سروس کا معاہدہ ہورہا ہے۔ ناصر شاہ نے کہا کہ صحافی جان محمد مہر پر قاتلہ حملہ ہوا تو اسے سکھر سے کراچی منتقل کرنا تھا۔ لیکن انہیں منتقلی میں وقت لگا تو وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ناصر شاہ نے کہا کہ اس ایئر ایمبولینس سروس کو حیدر آباد- تھر- نوابشاہ لاڑکانہ ائرپورٹ پر بھی دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔ ناصر شاہ نے کہا کہ بدین میں ایئر اسٹرپس پر بھی ایئر ایمبولینس کو چلانے کا ارادہ ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لوکل کونسل ایسوسی ایشن سندھ کے چیئرمین سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ سندھ میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کررہے ہیں۔ اس ائیر ایمبولینس سے مریضوں کو جنوبی پنجاب اور شمالی سندھ سے کراچی منتقل کیا جاسکے گا اور ان کی جان بچائی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی تین ڈسٹرکٹ کونسلز اے ایس ایس ایل ایوی ایشن کمپنی سے معاہدہ کر رہی ہیں۔ جس میں مذکورہ کمپنی 5 فلائٹس ہر ماہ مفت اے ایس ایس ایل سکھر- گھوٹکی خیرپور ڈسٹرکٹ کونسلز کے لیے چلائے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او ایئر کراقٹ سیلز اینڈ سروسز اکبر جعفری نے کہا کہ ہم پاکستان بھر میں ایئر ایمبولینس سروس فراہم کر رہے ہیں۔اس وقت ملتان، رحیم یار خان، کوئٹہ بلوچستان اور دیگر شہروں سے مریضوں کو ٹرانسپورٹ کر رہے ہیں ، اب سکھر سے کراچی کے لئے ایئر ایمبولینس سروس شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سروس سے سکھر گھوٹکی اور کشمور کے مریضوں کو کراچی شفٹ کیا جاسکے گا اور ہم نے لوکل کونسل ایسوسی ایشن سندھ سے معاہدے کے تحت تمام سہولیات سے بھرپور ائیر کرافٹ جس میں اسٹیچر، وینٹیلیٹر، آکسجن، ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف موجود ہوگا۔ بعد ازاں معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔
0 تبصرے