ہم چین پر پاکستان کا انحصار کم کرنا چاہتے ہیں: امریکہ
نیویارک (م ڈ) امریکی معاون وزیر برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ڈونلڈ لو نے کہا ہے کہ صدر بائیڈن نے امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی کو پاکستان کے لیے 10 ملین ڈالر امداد کی پیشکش کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ڈونلڈ لو امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے جہاں انہوں نے پاکستان اور افغانستان سے متعلق بریفنگ دی۔ امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی میں پیشی کے موقع پر ڈونلڈ لو نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی حمایت پر توجہ دی جارہی ہے، امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستان کے لیے 10 ملین ڈالر کی امداد کی درخواست کی ہے۔ امریکی معاون وزیر ڈونلڈ لو نے کمیٹی کو بتایا کہ امدادی رقم پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ، اقتصادی اصلاحات کے لیے قرضوں کی صورت میں دی جائے گی جب کہ اس رقم سے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ امریکی معاون سیکرٹری نے مزید کہا کہ ہماری پوری توجہ پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوق پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امداد خطے میں امریکہ کے دوست ممالک کو مالیاتی نظام کو شفاف بنانے اور ان ممالک کے چین کے جبری قرضوں کے جال میں پھنسنے کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دے گی۔ ڈونلڈ لو نے کہا کہ مالی سال 2025 کے لیے صدر بائیڈن نے پاکستان کو 100 ملین ڈالر سے زائد امداد دینے کی درخواست کی ہے۔
0 تبصرے