ایرانی صدر کی اہلیہ جمیلہ علم الھدی اور آصفہ بھٹو کا پاکستان سویٹ ہوم کا دورہ، بچوں سے ملاقات
اسلام آباد(نیوزڈیسک)ایرانی صدر کی اہلیہ ڈاکٹر جمیلہ علم الُھدی نے پاکستان سویٹ ہوم کا خصوصی دورہ کیا ۔تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر کی اہلیہ ڈاکٹر جمیلہ علم الُھدی نے پاکستان سویٹ ہوم کا خصوصی دورہ کیا ،اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنماء ورکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹوزرداری بھی تھیں۔ اس موقع پر ایرانی صدر کی اہلیہ نے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) اور سویٹ ہوم کے بچوں سے ملاقات کی۔اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا جس قدر یتیم بچیوں کی پرورش اور تعلیم کا سہرا پاکستان سویٹ ہوم نے اٹھا رکھا ہے، پوری دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی، آج یہاں ا ٓکر مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے ،جس طرح ان بچوں نے ہمارا استقبال کیا ،وہ قابل فخر ہے ،زمرد خان سچے اور دیانت دار آدمی ہیں ،اللہ پاک ایسے لوگوں کی ضرور مدد کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ زمرد خان نے شہید بے نظیر بھٹو کے ساتھ کام کیا ہے، زمرد خان کا نام پوری دنیا میں پہچانا جاتا ہے، یتیم بچے بچیوں کی خدمت پر میں ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ۔اس دوران آصفہ بھٹو نے بچوں سے بات کرتے ہوئے زمرد خان کی کاوشوں کو سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ٠ پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) کا کہنا تھا کہ وہ ایرانی صدر کی اہلیہ ڈاکٹر جمیلہ اور آصفہ بھٹو کے انتہائی مشکور ہیںجنہوں نے پاکستان سویٹ ہوم کا دورہ کیا اور ان کادل پاکستان سویٹ ہوم کے فرشتوں اور پریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان سویٹ ہوم کے لیے بہت بڑا دن ہے کہ ایرانی صدر کی اہلیہ اور آصفہ بھٹو تشریف لائے ۔زمرد خان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی نے مجھے زندگی کے خوبصورت مشن سے نوازا ہے۔پاکستان سویٹ ہوم اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے۔ 2009 میں پاکستان سویٹ ہوم کا آغاز ایک بچے سے ہوا اور آج ہزاروں کی تعداد میں بچے اور بچیاں پاکستان سویٹ ہوم کا حصہ ہیں۔ یقیناً پاکستان سویٹ ہوم یتیم بچوں کی جنت نظیر وادی ہے۔
0 تبصرے