حالات جوبھی ہوں مشن نورانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،فقیر شکیل قاسمی
کراچی () حالات جوبھی ہوں مشن نورانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ملک میں نظام مصطفےٰ ﷺ کے نفاذ کے لئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی،الیکشن اخراجات بڑھاکر شرفاء کے لئے سیاست کے دروازے بند اور کرپشن کے راستے کھول دیئے گئے ہیں،فکر امام نورانی ؒ پر کاربند رہتے ہوئے کلمہء حق بلند کرتے رہیں گے۔ یہ باتیں جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری فقیر ملک محمدشکیل قاسمی نے قائد ملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمدنورانی صدیقیؒ کی بیسویں برسی کے موقع پر منعقدہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں کئی عشروں سے جوڑ توڑ کی سیاست جاری ہے،میرٹ کا قتل عام ہورہاہے، موجودہ دور میں سیاست پیسے والوں کی لونڈی بن کر رہ گئی ہے۔ جس کے پاس پیسہ ہے وہ بڑا سیاستدان ہے، یہی وجہ ہے کہ عوام کا حال نہیں بدلا،کیونکہ جو شخص پیسے دے کر کسی منصب پر آتاہے وہ اس سے کئی گنازیادہ کمانااپناحق سمجھتاہے۔ انہوں نے کہاکہ قائد ملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمد نورانیؒ نے ہمیشہ چوردروازے سے اقتدار میں آنے کو مسترد کیااور حاکموں کی پیش کش کو ٹھکرادیا۔ یہی نہیں ہمیشہ باطل کو للکارنے کا فریضہ انجام دیتے رہے۔ ایسے وقت میں جب بیشتر سیاسی قائدین مصلحتوں کی چادر اوڑھ کر گوشہ نشین ہوگئے تب بھی امام الشاہ احمدنورانیؒ ڈکٹیٹروں کے آگے ڈٹ کر کھڑے رہے۔ فقیر ملک محمدشکیل قاسمی نے کہاکہ قائد ملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمدنورانیؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں مذہبی جماعتوں نے متحد ہوکر ملکی سیاست میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔ امام الشاہ احمدنورانیؒ نے ایک ایسے وقت میں جب لوگ ایک دوسرے کے خون کے پیاسے تھے تمام مسالک کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے ہمیشہ کے لئے فرقہ واریت کا خاتمہ کرکے دکھایا۔ انہوں نے 1973ء کے آئین کی اسلامی تدوین کرکے سیکولرازم کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ فرمادیا، منکرین ختم نبوت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک کر فتنہء ارتداد کے راستے بندکردیئے۔ آخری دم تک نظام مصطفےٰ ﷺ کے نفاذ کی جدوجہد کرتے رہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ مشن نورانی کو مکمل کرکے ملک میں نظام مصطفےٰ ﷺ کے نفاذ کے خواب کو شرمندہء تعبیر کریں۔
0 تبصرے