نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست گجرات میں دو روز سے بارشوں، طوفان اور بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 24 افراد ہلاک اور 23 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے واقعات زیادہ تر کھیتوں اور میدانی علاقوں میں ہوئے جس کے نتیجے میں 24 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ریاستی حکومت نے آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں جان و مال کے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لیے ایک سروے کمیٹی قائم کی ہے، جو رپورٹ تیار کی گئی ہے، اس کی بنیاد پر متاثرین کو مالی امداد دی جائے گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں 24 گھنٹوں کے دوران 144 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، طوفانی بارشوں کے باعث متعدد مکانات تباہ جب کہ مویشیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ گجرات کے بعض علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ گجرات میں اگست 2020 میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے 14 افراد ہلاک ہوئے تھے، جب کہ 2019 میں 31 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ دونوں واقعات میں آسمانی بجلی گرنا بھی شامل ہے۔
0 تبصرے