جسٹس مظہر نقوی ایک بار پھر شوکاز نوٹس جاری، 14 روز میں جواب طلب
اسلام آباد (ویب ڈیسک) سپریم جوڈیشل کونسل نے سپریم کورٹ کے جسٹس مظہر نقوی کو دوبارہ شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت ہوا، جس میں جسٹس مظہر نقوی کے خلاف شکایات کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیش کیے گئے شواہد کی روشنی میں جسٹس مظہر نقوی کو نوٹس جاری کیا گیا۔
سپریم جوڈیشل کونسل نے شوکاز میں کہا ہے کہ جسٹس مظہر نقوی 14 روز میں شوکاز نوٹس کا جواب دیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل نے تفصیلی رپورٹ جاری کی تاہم جسٹس اعجاز الحسن نے اس سے اختلاف کیا، رپورٹ میں جسٹس مظہر نقوی سے 10 معاملات پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق شوکاز 1/4 کی شرح سے جاری کیا گیا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس سردار طارق، جسٹس امیر بھٹی اور جسٹس نعیم افنان نے شوکاز جاری کرنے کی حمایت کی، صرف جسٹس اعجاز الاحسن نے مخالفت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس مظہر نقوی نے شو کاز میں اپنے خلاف شکایات کی تفصیلات درج نہ کرنے پر اعتراض کیا تھا، کونسل نے جسٹس مظہر نقوی کے خلاف شکایات اور اعتراضات کا مسلسل 3 روز جائزہ لیا۔
جسٹس مظہر نقوی کو 27 اکتوبر کو ہونے والے کونسل اجلاس میں شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔
0 تبصرے