ملک میں نظام مصطفےٰ ﷺ کے نفاذ، مقام مصطفےٰﷺ کے تحفظ اور عقیدہء ختم نبوت کی ترویج کاکام کرنے والے لائق تحسین ومبارکباد ہیں
کراچی ( ) لوگ مرجاتے ہیں لیکن ان کا کردار ہمیشہ زندہ رہتاہے، ملک میں نظام مصطفےٰ ﷺ کے نفاذ، مقام مصطفےٰﷺ کے تحفظ اور عقیدہء ختم نبوت کی ترویج کاکام کرنے والے لائق تحسین ومبارکباد ہیں۔ یہ باتیں خلیفہ مجاز پیر طریقت حضرت سید حمزہ علی قادریؒ وپاک مسلم الائنس کے کنوینر مولاناعارف کمال نعیمی نے جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری ملک محمدشکیل قاسمی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے ملک شکیل قاسمی کو اعزازی طورپرسبزچادر بھی پیش کی۔ ملک محمدشکیل قاسمی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مولاناعارف کمال نعیمی کی جانب سے اعزاز دینے پر ان کا شکرگزار ہوں،ان کے قیمتی الفاظ میرے لئے سرمایہء افتخار ہیں،یہ ان کی محبت اور شفقت ہے جو انہوں نے مجھے اعزاز بخشا۔ ان کا کہناتھاکہ انسان کے لئے سب سے بڑا اعزاز یہی ہے کہ حضور ﷺ کے غلاموں میں اس کا نام آجائے، نظام مصطفےٰ ﷺ کا نفاذ زندگی کا مقصد ہے جس کے لئے دامے،درمے اور سخنے کوششیں جاری ہیں، ان شاء اللہ ملک میں نظام مصطفےٰ ﷺ نافذ ہوگا جو اس ملک کا مقدر ہے کیونکہ یہ ملک قائم ہی نظام مصطفےٰﷺ کے نفاذ کے لئے ہواتھا، افسوس حکمرانوں نے قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد سے انحراف کیاجس کی وجہ سے وطن عزیز آج نظام مصطفےٰﷺ سے محروم ہے اور اس کاخمیازہ قوم بھگت رہی ہے، یہ ایک حقیقت ہے کہ نظام مصطفےٰ ﷺ ہی ملک وقوم کو درپیش تمام مسائل اور چیلنجز کا حل ہے۔ انہوں نے تمام عاشقان رسول ﷺ باالخصوص نوجوانوں کو نظام مصطفےٰ ﷺ کے قافلے میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ نوجوان کسی بھی تحریک کا ہراول دستہ ہوتے ہیں۔
0 تبصرے