اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے امت مسلمہ متحد ہوجائے،شکیل قاسمی

ان شاء اللہ مسلمان متحد ہوکر اسرائیل اور امریکاکی اینٹ سے اینٹ بجادیں گے، طلبا ریلی سے خطاب

اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے امت مسلمہ متحد ہوجائے،شکیل قاسمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اے آر سٹی اسکول سیکٹر فائیوبی ون نارتھ کراچی کے زیراہتمام نکالی گئی لبیک یااقصیٰ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری ملک محمدشکیل قاسمی نے کہاہے کہ اسرائیل کی بدترین جارحیت کو روکنے کے لئے امت مسلمہ متحد ہوجائے، ان شاء اللہ مسلمان متحد ہوکر اسرائیل اور امریکاکی اینٹ سے اینٹ بجادیں گے، یورپی یونین اسرائیل کی پشت پر کھڑی ہوکرطارق بن زیاد، یوسف بن تاشفین، سلطان صلاح الدین ایوبی، ٹیپوسلطان ودیگر مجاہدین اسلام کے ہاتھوں اٹھائی جانے والی بدترین شکست و ہزیمت کابدلہ لے رہی ہے۔ اسرائیل نے امت مسلمہ کی غیرت ایمانی کو للکاراہے، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ فلسطین کی کھل کر مددکریں۔ریلی سے اے آر سٹی اسکول کے سربراہ سید قیصرعباس، ایچ ایچ اسلامک اکیڈمی کے سربراہ علامہ محمدحفیظ اللہ ہادیہ، پرائیویٹ اسکول رہنماجہاں زیب احمد، ملک شکیل احمداور اسکول کے طلباء واساتذہ نے بھی خطاب کیا۔ فقیر ملک محمدشکیل قاسمی نے اپنے خطاب میں کہاکہ اسرائیل نے غزہ میں بمباری کرکے ہزاروں فلسطینیوں کو شہیداور لاکھوں کو بے گھر کردیاہے مگر عالمی انسانی حقوق کی چیمپئن تنظیمیں آنکھوں پر تعصب کی پٹی باندھ کر خاموش تماشائی کاکرداراداکررہی ہیں۔ ان کا کہناتھاکہ یہودونصاریٰ اور ہنود سے کسی بھلائی کی توقع رکھنے کے بجائے عالمی اسلامی بلاک تشکیل دیاجائے اور امریکہ سمیت تمام کفریہ طاقتوں کو یہ بتادیاجائے کہ اسرائیل کو کسی صورت بھی ریاست تسلیم نہیں کیاجاسکتاہے، قائداعظم محمدعلی جناحؒ نے اول روز ہی یہ فرمادیاتھاکہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جسے کسی طور قبول نہیں کیاجاسکتا۔ پاکستانی حکمرانوں کو چاہئے کہ اس مسئلے پر اپناقائدانہ کرداراداکریں اور مسلم مملکتوں کو متحد کریں۔ علامہ محمدحفیظ اللہ ہادیہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ اسرائیل کو سخت جواب دینے کا بہترین طریقہ اس کی مصنوعات کابائیکاٹ ہے، مسلمان عہد کرلیں کہ آئندہ اسرائیلی مصنوعات کو ہاتھ بھی نہیں لگائیں گے۔ پرنسپل اے آرسٹی اسکول سید قیصرعباس نے کہاکہ دنیابھر کے مسلمان اگر ایک ایک گلاس پانی بھی ڈالیں تو اسرائیل اس پانی میں ڈوب جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ساری دنیاکے مسلمان تو ایک طرف اگر صرف پاکستان کے چوبیس کروڑ عوام ہی ایک ایک گلاس پانی ڈالیں تو اسرائیل غرق ہوسکتاہے۔ ماہرتعلیم جہاں زیب احمد نے کہاکہ متحد ہوکر ہی کفریہ طاقتوں کا مقابلہ کیاجاسکتاہے۔ مقررین نے اے آر سٹی اسکول کے طلباء اور اساتذہ کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور کہاکہ انہوں نے ثابت کردیاہے کہ پاکستانی بچے بھی اپنے فلسطینی مسلمان بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔