ملک میں نظام مصطفےٰ ﷺ کے نفاذ کی جدوجہد ہر حال میں جاری رکھیں گے،
کراچی (وسیم قریشی) قائد جمعیت علمائے پاکستان وصدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمدزبیر نے کہاہے کہ قائد ملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمدنورانیؒ کے مشن کے وارث ہیں،مشن نورانیؒ کی تکمیل ہم پر قرض ہے۔ ملک میں نظام مصطفےٰ ﷺ کے نفاذ کی جدوجہد ہر حال میں جاری رکھیں گے، ملک وقوم کو درپیش معاشی وسیاسی بحران کا حل صرف اور صرف نظام مصطفےٰ ﷺ کا نفاذ ہے،نوجوان کسی بھی ملت کا سرمایہ اور تحریکوں کا ہراول دستہ ہوتے ہیں،نوجوانوں کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں اور نظام مصطفےٰ ﷺ کی تحریک کاحصہ بنیں۔ یہ باتیں انہوں نے جے یوپی یوتھ ونگ کی جانب سے عیدمیلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں نارتھ کراچی میں پاورہاؤس چورنگی پر پرچم کشائی ومیلاد کیمپ کے قیام کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید عقیل انجم قادری، جے یوپی بلوچستان کے صدر سید مومن شاہ جیلانی، کراچی ڈویژن کے صدر قاری خلیل نورانی، جنرل سیکریٹری ملک محمدشکیل قاسمی، صدر جے یوپی یوتھ ونگ راؤ عبدالرحمان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ تقریب میں جے یوپی کراچی کے سینئر نائب صدر عبدالوحید یونس، نائب صدر پیر سید مسرورخانی،قاری شمیم الدین،علامہ عنایت اللہ سیالوی، علامہ قاضی عبدالقادر صدیقی،بابافخرالدین نورانی، یاسرعالم نورانی، ماہر تعلیم ڈاکٹرارشدعلی خان، میچ میکر رہنماسمیع شیخ،علامہ شوکت مغل رضوی،اسفندیارخان، علامہ طاہر علی، سبطین نقوی،قاری جمیل اختر، ڈاکٹر طلحہ قادری، محمدعلی شیخ ودیگر بھی شریک تھے۔ قائد جمعیت علمائے پاکستان ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمدزبیر نے اپنے خطاب میں کہاکہ حکمران طبقے نے اپنے عیش وعشرت کی خاطرقوم کا بھرکس نکال دیاہے، مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے لوگ خودکشی جیسے حرام فعل کرنے پر مجبور ہورہے ہیں، قرض پر قرض لے کر وطن عزیز پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھنے کی سازش کی جارہی ہے، حکمران جان لیں امام نورانیؒ کے متوالے کسی قیمت پر ملکی خودمختاری کاسودا نہیں ہونے دیں گے،جنوری میں ہونے والے عام انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔اہلسنّت جماعتوں کے ساتھ ساتھ دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں، وسیع تر اتحاد اہلسنّت ہماری ترجیح ہوگی۔اس سلسلے میں کراچی میں رابطہ مہم شروع کی جارہی ہے،علماء مشائخ اور سیاسی سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ جے یوپی یوتھ ونگ کے کارکنان کا جذبہ لائق تحسین ہے،نظام مصطفےٰﷺ کی جدوجہد کرنے والے دنیاوآخرت میں سرخروہوں گے۔
0 تبصرے