حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی رحہ کے 280ویں تین روزہ عرس مبارک کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس

اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون منظور احمد لغاری کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا

حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی رحہ کے 280ویں تین روزہ عرس مبارک کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس

مٹیاری (ھ آ)سندھ کے عظیم اور آفاقی شاعر حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی رحہ کے 280ویں تین روزہ عرس مبارک کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ریسٹ ہاؤس بھٹ شاہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون منظور احمد لغاری کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر کلچر شیر محمد مہر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نذیر ملاح، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو سید جنید شاہ، اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظہر علی، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عدیل سوہو، کلچر ریسٹ ہاؤس کے ڈپٹی ڈائریکٹر رحمت اللہ راجر، قائمقام سجادہ نشین سید خاور شاہ، ڈی ایس آر رینجرز راشد علی، ڈی او ایجوکیشن ارشد علوی، منیجر اوقاف بھٹ شاہ جمیل احمد انصاری، مختیارکار مٹیاری وقار سومرو کے علاوہ حیسکو، صحت، لائیو سٹاک، بلدیات، زراعت، تعلیم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر منظور احمد لغاری نے کہا کہ تین روزہ عرس مبارک 14 سے 16 صفر تک منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرس مبارک کی آمد کو انتہائی عقیدت و احترام سے منانے کے لیے تمام انتظامات پیشگی مکمل کر لیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے گورنر سندھ سے درخواست کی ہے کہ وہ پہلے دن تقریب کا افتتاح کریں جب کہ اختتامی تقریب میں سندھ کے نگران وزیراعلیٰ مہمان خصوصی ہوں گے اور لطیف ایوارڈز تقسیم کریں گے۔ اس موقع پر ڈی آئی بی انچارج اعظم مرزا نے اجلاس کو بتایا کہ پولیس، رینجرز اور ایجنسیوں کے تعاون سے عرس مبارک کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 15 واک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے جبکہ مختلف اضلاع کے 4 ایس ایس پیز، 10 ڈی ایس پیز سمیت پولیس اہلکار اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے کے لیے 100 سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون منظور احمد لغاری نے ٹاؤن آفیسر بھٹ شاہ کو مزار کے اندر اور اطراف میں صفائی کو یقینی بنانے اور تجاوزات ہٹانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عرس مبارک کا پلان دو دن کے اندر تیار کرکے پیش کریں۔ انہوں نے حیسکو حکام کو ہدایت کی کہ بھٹ شاہ کو میلے کے تینوں دن لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے جبکہ کسی فنی خرابی کا سامنا کرنے کے لیے اسٹینڈ بائی جنریٹر اور ٹرالی کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے کا بھی انتظام کیا جائے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نذیر ملاح اور پی پی ایچ آئی کے فوکل پرسن نے اجلاس میں بتایا کہ زائرین کی طبی امداد کے لیے مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 15 ایمبولینسیں موجود ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ملیریا اور ڈینگی سپرے بھی کیا جائے گا۔