جڑانوالہ واقعہ مودی حکومت نے منی پور واقعات سے عالمی توجہ ہٹانے کے لئے کروایا،انیق حمد خان

جڑانوالہ واقعہ میں ملوث تمام مجرموں کو سخت سزا دی جائے گی، اب تک 177 ملزمان کو پکڑا جا چکا ہے

جڑانوالہ واقعہ مودی حکومت نے منی پور واقعات سے عالمی توجہ ہٹانے کے لئے کروایا،انیق حمد خان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نگراں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد خان نے کہا ہے کہ جڑانوالہ واقعہ مودی حکومت نے منی پور میں عیسائی کمیونٹی پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز واقعات سے عالمی توجہ ہٹانے کے لئے کروایا ہے،جڑانوالہ واقعہ میں ملوث تمام مجرموں کو سخت سزا دی جائے گی، اب تک 177 ملزمان کو پکڑا جا چکا ہے، کراچی پریس کلب کے مسائل وزیر اعظم تک لے جانے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کے لیے ہروقت دستیاب ہوں۔وہ جمعہ کو کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی، سینئرصحافیوں اورمیڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی ،سیکرٹری شعیب احمد،جوائنٹ سیکرٹری اسلم خان،سابق صدر فاضل جمیلی،پی ایف یوجے دستور کے سیکرٹری جنرل اے ایچ خانزادہ، سابق سیکرٹری مقصود یوسفی،کے یوجے دستور کے صدر خلیل ناصر، ممبر گورننگ باڈی ذوالفقار راجپر، رمیز وہرہ، فاروق سمیع سینئیر اراکین حنیف اکبر، طارق ابو الحسن، عارف ہاشمی، وکیل الرحمن بھی موجود تھے۔ نگراں وفاقی وزیر انیق احمد نے کہا کہ مسیحی برادری سمیت اقلیتوں کو ملک میں مساوی حقوق حاصل ہیں اور حکومت ان کی عبادت گاہوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم، وزرا کے ساتھ ساتھ علمائے کرام، عوام اور سیاستدانوں نے جڑانوالہ میں توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک پاکستان کو ایک خوشحال اور ترقی پذیر ملک نہیں دیکھنا چاہتا۔سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کے حالیہ دورہ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پاکستان ہائوسز کی تعمیر کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے سعودی وزیر سے پاکستانی حجاج کو ملک میں امیگریشن کی سہولیات سمیت مساوی سہولیات فراہم کرنے کے بارے میں بھی بات کی۔انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور وہ کراچی پریس کلب(کے پی سی)سے قریبی تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کے پی سی کے مسائل وزیر اعظم تک لے جانے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے دستیاب ہیں۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدرسعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد کا کراچی پریس کلب آمد پر استقبال کیا اور انہیں پھول اور اجرک کا تحفہ پیش کیا۔علاوہ ازیں کراچی یونین آف جرنلسٹس(دستور)کے سیکرٹری جنرل اور کراچی پریس کلب کے سابق جوائنٹ سیکرٹری نعمت خان کے والد کے انتقال پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے خصوصی دعابھی کرائی۔