واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک عظیم معرکہ تھا- سید مراد علی شاہ

امام حسینؓ نے دین اسلام کی سربلندی کیلئے لازوال اوربے مثال قربانی پیش کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی

واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک عظیم معرکہ تھا- سید مراد علی شاہ

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم عاشورہ پر امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ سلام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک عظیم معرکہ تھا جس میں امام حسینؓ نے دین اسلام کی سربلندی کیلئے لازوال اوربے مثال قربانی پیش کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔ کربلا کا واقعہ ہمیں ایثار، قربانی، حق کی حمایت ، باطل کی مخالفت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے جس پر عمل پیرا ہو کر مسلمان نہ صرف اپنی عظمت کو بحال کر سکتے ہیں بلکہ دنیا میں انسانیت کے استحصال اور ظلم کا خاتمہ کر کے پائیدار امن بھی قائم کر سکتے ہیں۔ عاشورہ محرم پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ سانحہ کربلا تاریخ کے نااہل حکمرانوں کے ظلم و بربریت پر مبنی ایک واقعہ ہے جس میں پوری انسانیت کےلئے عظیم درس پوشیدہ ہے۔ امام عالی مقام یزیدی ظلم و جبر کے خلاف حق کے علمبردار تھے، آپ نے ظالم و جابر حکمرانوں اورا نکی انسانیت دشمن پالیسیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا درس دیااور اپنے پورے خاندان کی قربانی دی اور حق و صداقت کی بالادستی کیلئے صبر و استقامت کی عظیم مثالیں قائم کیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس مبارک مہینہ کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے مسلکی ہم آہنگی کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے۔