راہول اور سونیا گاندھی اسی انتخابی اتحاد کے اجلاس میں شرکت کے لیے گئے تھے۔
نئی دہلی: بھارت کی بانی جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی اور ان کی والدہ سونیا گاندھی کے طیارے کو بنگلور سے دہلی واپسی پر بھوپال ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی اور سونیا گاندھی بنگلور میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف 26 سیاسی جماعتوں کے اتحاد ‘انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوزیو الائنس’ کے 2 روزہ اجلاس میں شرکت کے بعد واپس دارالحکومت آ رہے تھے۔
تاہم اُن کے طیارے کو بھوپال ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ ہنگامی لینڈنگ کا سُن کر کانگریس کی مقامی قیادت کارکنوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ ایئرپورٹ پہنچ گئی۔
کانگریس کی مقامی قیادت نے بھوپال ایئرپورٹ پر میڈیا کو بتایا کہ راہول گاندھی اور سونیا گاندھی خیریت سے ہیں اور طیارے نے موسم کی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔
موسم درست ہونے پر کانگریس رہنماؤں کو دوسری پرواز سے دہلی روانہ کردیا گیا۔
واضح رہے کہ بھارت میں حکمراں جماعت بی جے پی کے مقابلے میں 26 سیاسی جماعتوں نے آئندہ برس ہونے والے جنرل الیکشن کے لیے انتخابی اتحاد کیا ہے۔ راہول اور سونیا گاندھی اسی انتخابی اتحاد کے اجلاس میں شرکت کے لیے گئے تھے۔
0 تبصرے