دوست نے 50 روپے ادھارمانگنے پر بھکاری کا طعنہ دیا تھا؛ منوج باجپائی

واقعہ میرے لیے کامیابی کے حصول کا جنون بنا اور آج تک میں اپنے دوست کی بات بھول نہیں پایا ہوں۔

دوست نے 50 روپے ادھارمانگنے پر بھکاری کا طعنہ دیا تھا؛ منوج باجپائی

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار منوج باجپائی نے اپنے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ دہلی آنے کے لیے ٹکٹ کے 50 روپے ادھار مانگنے پر دوست نے کہا تم بھیک منگے ہو، ادھار کیسے چکاؤ گے۔ میں 50 روپے تمھیں دان کرتا ہوں۔ اپنی اداکاری سے بھارتی فلم انڈسٹری میں دھاک بٹھانے والے منوج باجپائی نے گاؤں سے دہلی آنے اور شوبز کی چکا چوند دنیا میں نام بنانے کے دوران پیش ہونے والے دل خراش واقعات سناکر اپنے مداحوں کو رلا دیا۔ اداکار منوج باجپائی نے بتایا کہ وہ ایک چھوٹے سے شہر میں پلے بڑھے تھے اور جب وہ پہلی بار دہلی آئے تھے تو انہیں معلوم نہیں تھا کہ ٹرین کے ٹکٹ ریزرو کروانے پڑتے ہیں۔ اداکار نے مزید بتایا کہ میں نے کبھی کسی بڑے شہر میں قدم بھی نہیں رکھا تھا۔ 12 ویں جماعت کے بعد میرے پاس مستقبل کا کوئی لائحہ عمل بھی نہیں تھا۔ بچپن کا ایک دوست یونی ورسٹی میں داخلہ لینے دہلی آرہا تھا تو میں بھی ساتھ چلنے کو تیار ہوگیا۔ منوج باجپائی کے بقول مجھے حیرانی اس وقت ہوئی جب دوست نے پوچھا کہ تمہارے پاس پیسے ہیں؟ میں نے نفی میں جواب دیا تو اس نے کہا کہ ٹرین کا ٹکٹ 50 روپے کا ہے۔ اداکار نے کہا کہ میں نے دوست سے درخواست کی کہ میرے ٹکٹ لے لو میں بعد میں 50 روپے دیدوں گا۔ وہ بولا بھیک منگا آدمی، تو کب چکائےگا؟ تم پنڈت ہو اس لیے تمھیں دان کردیتا ہوں یعنی بطور عطیہ دیدیتا ہوں۔ گینگ آف واسے پور، بینڈنٹ کوئن اور ستیہ جیسی کامیاب فلموں سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے منوج باجپائی نے بتایا کہ یہ واقعہ میرے لیے کامیابی کے حصول کا جنون بنا اور آج تک میں اپنے دوست کی بات بھول نہیں پایا ہوں۔