روپے کے مقابلے میں ڈالر مزید 4 روپے مہنگا

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ چوتھے ماہ تسلسل سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس ہے

روپے کے مقابلے میں ڈالر مزید 4 روپے مہنگا

کراچی: روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید 4 روپے مہنگا ہوگیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق زرمبادلہ کی مارکیٹوں میں بظاہر کوئی بڑی ڈیمانڈ نہ ہونے کے باوجود منگل کو بھی ڈالر کی پیش قدمی جاری رہی جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 283 روپے سے تجاوز کرگئے جبکہ اوپن ریٹ 290 روپے کی سطح پر آگئے۔ ذرائع کے مطابق کچھ عالمی بروکریج ہاؤسز کی آنے والے دنوں میں ڈالر کی قدر 300 روپے سے تجاوز کرنے کی پیش گوئیوں کے بعد مارکیٹ میں سٹے باز اور انفرادی سطح کے طلب گار متحرک ہوگئے ہیں جس سے ڈالر کی اڑان تیز ہوئی ہے۔ منگل کو انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کی ابتدا میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 26 پیسے گھٹ کر 279 روپے پر بھی آگئی تھی لیکن مبینہ طور پر درآمدات کے لیے زرمبادلہ کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ سے ڈالر کی پیش قدمی دوبارہ شروع ہوئی، نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 3.78 روپے کے بڑے اضافے سے 283.04 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 4 روپے کے اضافے سے 290 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی تکمیل کے لیے مطلوبہ اقدامات پر عمل درآمد اور رُکے ہوئے درآمدی کنٹینرز کے لیے زرمبادلہ کی فراہمی سے انٹربینک میں ڈیمانڈ بڑھ گئی ہے جس سے ڈالر کی دوبارہ اڑان جاری ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ چوتھے ماہ تسلسل سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے ساتھ ہی متحدہ عرب امارات اور سعودی ڈپازٹس موصول ہونے کے بعد چین کے ایگزم بینک سے بھی 600 ملین ڈالر کے قرضے رول اوور ہونے سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ گئے ہیں لیکن اسکے باوجود ڈالر کی اڑان برقرار ہے۔