لیاری کے علاقے میں پولیس اہلکار کو بڑے بھائی اور بھتیجوں نے قتل کردیا

سلیم کے مطابق اسماعیل کو بڑے بھائی بخت زمین اور اس کے بیٹوں نے فائرنگ کرکے مارا ہے

لیاری کے علاقے میں  پولیس اہلکار کو بڑے بھائی اور بھتیجوں نے قتل کردیا

کراچی: لیاری کے علاقے میں پولیس اہل کار کو اس کے بڑے بھائی اور بھتیجوں نے قتل کردیا۔ چاکیواڑہ تھانے کے علاقے لیاری کوئلہ گودام گلستان کالونی میں گولی لگنے اور تشدد سے جاں بحق ہونے والے کانسٹیبل کی لاش سول اسپتال لائی گئی، جہاں اس کی شناخت 35 سالہ اسماعیل خان ولد مقبول خان کے نام سے کی گئی۔ مقتول گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر ساؤتھ میں تعینات تھا۔ مقتول کے بھائی سلیم کے مطابق اسماعیل کو بڑے بھائی بخت زمین اور اس کے بیٹوں نے فائرنگ کرکے مارا ہے۔ بخت زمین اور اس کے بچوں نے اسماعیل کو قتل کرنے کے بعد اس کی موٹر سائیکل کو آگ لگا دی۔ انہوں نے بتایا کہ 2016ء سے ہمارا اپنے بھائی سے جائیداد کا تنازع چل رہا ہے۔ اس سے پہلے بھی ہمارے بھائی بخت زمین نے مجھ پر اور اسماعیل پر حملے کیے ہیں۔ اسماعیل نے کئی بار پولیس افسران کو اس معاملے کا بتایا لیکن کوئی مدد نہیں کی گئی۔ مقتول اہلکار 2008ء میں پولیس میں بھرتی ہوا تھا۔ اس کے 5 بچے ہیں اور سب سے بڑی بیٹی 11 سال کی ہے۔ واقعے کے بعد سے بخت زمین اپنے بچوں سمیت فرار ہے۔