پرویز خٹک کی نئی جماعت دو گھنٹے میں ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار

قبل ازیں پرویز خٹک نے تحریک انصاف کے مقابل نئی سیاسی پارٹی بنانے کا اعلان کیا تها

پرویز خٹک کی نئی جماعت دو گھنٹے میں ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کی جانب سے نئی پارٹی کی تشکیل کے بعد اراکین نے نئی جماعت سے لاتعلقی کا اعلان کرنا شروع کردیا۔ پرویز خٹک کی نئی سیاسی جماعت بننے کے آدھے گھنٹے میں ہی اراکین کی جانب سے تردیدی پیغامات آنا شروع ہوگئے، میڈیا کو دیے گئے ناموں میں سے اب تک نو افراد نئی جماعت میں شمولیت کی تردید کر چکے ہیں جبکہ مزید کے آنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق ڈپٹی اسپیکر محمد جان، افتخار مشوانی، ملک شوکت، تاج محمد خان، پیر مصور خان اور ساجدہ ذوالفقار نے پرویز خٹک کی نئی جماعت میں شمولیت کی تردید کردی۔ اس کے علاوہ سابق ایم پی اے سوات عزیز اللہ خان گراں اور سابق ایم پی اے ایبٹ آباد قلندر خان لودھی ، سابق رکن اسمبلی لوئر دیر اعظم خان نے بھی پرویز خٹک کی جماعت میں شمولیت کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کی اور کہا کہ آخری سانس تک پی ٹی آئی اور چیئرمین کا وفادار رہوں گا۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ آغاز پر ہی اراکین کے تردیدی پیغامات اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ پارٹی کی سیاسی منظر نامے میں کوئی حثییت نہیں ہوگی۔ قبل ازیں پرویز خٹک نے تحریک انصاف کے مقابل نئی سیاسی پارٹی بنانے کا اعلان کیا جس میں سابق ارکان اسمبلی اور رہنماؤں سمیت سابق وزیراعلیٰ محمود خان نے بھی شمولیت پر رضامندی ظاہر کی تھی۔