قرآن پاک کی بیحرمتی کیخلاف اقوام متحدہ میں پاکستان کی قرارداد منظور

قرارداد کو امریکا اور یورپی یونین کی مخالفت کے باوجود کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا

قرآن پاک کی بیحرمتی کیخلاف اقوام متحدہ میں پاکستان کی قرارداد منظور

جنیوا: سویڈن میں قرآن پاک کو جلانے کی ناپاک جسارت کے خلاف اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پاکستان اور اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو امریکا اور یورپی یونین کی مخالفت کے باوجود کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (UNHRC) میں مذہبی منافرت اور تعصب کے خلاف قرارداد پیش کی گئی تھی جس پر آج سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ یہ قرارداد سویڈن میں قرآن پاک کو جلانے کے تناظر میں پیش کی گئی تھی۔ امریکا اور یورپی یونین نے قرارداد کو انسانی حقوق اور آزادیٔ اظہار رائے سے متعلق ان کے موقف سے متصادم قرار دیتے ہوئے مخالفت کی۔ برطانیہ، فرانس، جرمنی اور فن لینڈ سمیت دیگر 6 ممالک نے بھی امریکا اور یورپی یونین کی مؤقف کی تائید میں قراردار کی مخالفت کی۔ تاہم پاکستان کی مؤثر سفارتی کوششوں کے باعث اسلامی ممالک کے علاوہ بھارت، چین، ارجنٹائن، بولیویا، کیمرون، کیوبا، گیمبیا، آئیوری کوسٹ؛ جنوبی افریقا، یوکرین اور ویتنام نے حمایت کی۔ جس کی بنیاد پر قرارداد کو منظور کرلیا گیا۔