پیاز، پٹرول اور ایل پی جی کے نرخ آسمان پر، ہفتہ وار مہنگائی 8.62 فیصد بڑھ گئی

پیاز، پٹرول اور ایل پی جی کے نرخ آسمان پر، ہفتہ وار مہنگائی 8.62 فیصد بڑھ گئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان میں رواں ہفتے کے دوران ہفتہ وار مہنگائی میں سالانہ بنیادوں پر 8.62 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، رواں ہفتے کے دوران گزشتہ سال کے اسی ہفتے کے مقابلے میں پیاز کی قیمت میں 125.52 فیصد، ایل پی جی میں 55.42 فیصد، ڈیزل میں 45.26 فیصد اور پٹرول کی قیمت میں 39.10 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح گندم کے آٹے کی قیمت میں 30.18 فیصد، پہلی سہ ماہی کی بجلی کی قیمتوں میں 25.24 فیصد، پسی ہوئی مرچوں میں 16.37 فیصد، بکرے کے گوشت میں 15.92 فیصد، گوشت میں 13.28 فیصد، کیلے میں 10.51 فیصد، تازہ دودھ میں 8.12 فیصد اور سادہ ڈبل روٹی کی قیمت میں 8.09 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رواں ہفتے کے دوران بعض اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق، آلو کی قیمت میں 35.21 فیصد، مرغی کے گوشت میں 24.30 فیصد، چینی میں 20.88 فیصد، انڈوں میں 19.95 فیصد، ٹماٹروں میں 17.65 فیصد، نمک میں 13.96 فیصد، چنے کی دال میں 13.52 فیصد اور ماش کی دال میں 12.26 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔