فیصل کریم کنڈی سے پنجتن گروپ آف انڈسٹریز ملائیشیا کے چیئرمین چوہدری عثمان نثار گجر اور سی ای او چوہدری عمر نثار کی ملاقات

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور، سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال

فیصل کریم کنڈی سے پنجتن گروپ آف انڈسٹریز ملائیشیا کے چیئرمین چوہدری عثمان نثار گجر اور سی ای او چوہدری عمر نثار کی ملاقات

اسلام آباد( پ ر) فیصل کریم کنڈی سے پنجتن گروپ آف انڈسٹریز ملائیشیا کے چیئرمین چوہدری عثمان نثار گجر اور سی ای او چوہدری عمر نثار نے گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور، سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پنجتن گروپ آف انڈسٹریز کے وفد نے گورنر خیبرپختونخوا کو ادارے کی بین الاقوامی سطح پر جاری صنعتی، تجارتی اور فلاحی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ وفد نے پاکستان خصوصاً خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نجی شعبہ ملکی معیشت کے استحکام اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل، معدنیات، سیاحت اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع رکھتا ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کا مستقبل معاشی و صنعتی اعتبار سے انتہائی روشن ہے اور بیرونی سرمایہ کاری سے ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے۔ ملاقات میں عوامی ترقی کے منصوبوں میں درپیش رکاوٹوں، باہمی تعاون کے فروغ اور مستقبل میں مشترکہ منصوبہ بندی پر بھی گفتگو کی گئی۔ گورنر خیبرپختونخوا نے وفد کو اپنے ہر ممکن تعاون اور مکمل معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال رکھنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔