لاہور سے موازنہ درست نہیں، کراچی کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے لیے بڑے وسائل درکار ہیں: مرتضیٰ وہاب

لاہور سے موازنہ درست نہیں، کراچی کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے لیے بڑے وسائل درکار ہیں: مرتضیٰ وہاب

لاہور (ویب ڈیسک) کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بارش کے دوران کراچی کی سڑکیں بھی دو سے تین گھنٹوں میں صاف ہو جاتی ہیں، سیاسی تناظر میں لاہور اور کراچی کا موازنہ کرنا مناسب نہیں، ایک دوسرے سے مقابلہ کرنے کے بجائے ہمیں مل کر کام کرنا چاہیے، کراچی کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے لیے زیادہ مالی وسائل کی ضرورت ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے وفد کے ہمراہ لاہور میں واسا ہیڈ آفس کا دورہ کیا، پنجاب کے وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم واسا لاہور کے ساتھ معاہدہ کر رہے ہیں اور اس کی حکمت عملی اختیار کریں گے۔ دنیا بھر میں شہر ایک دوسرے کے ساتھ اپنے انتظامی تجربات شیئر کرتے ہیں، ہم بھی ایک دوسرے کے تجربات سے اپنے شہریوں کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وہ بلال یاسین کو کراچی آنے کی دعوت دیتے ہیں، لاہور زندہ دل لوگوں کا سرسبز شہر ہے، زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور اور کراچی کا موازنہ مناسب نہیں۔ کراچی آئیں اور ہمارے کچھ منصوبے دیکھیں، پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور مسلم لیگ (ن) مریم نواز کے وژن پر کام کر رہی ہے۔ ہم پانی کو صنعتی استعمال میں لانے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں جبکہ میٹھے پانی کو محفوظ کر کے شہریوں تک پہنچانے کا منصوبہ بھی جاری ہے۔ واسا لاہور نے ٹیرف بڑھایا ہے جبکہ ہم نے نہیں بڑھایا۔ اس موقع پر بلال یاسین نے کہا کہ وہ اپنے تجربات شیئر کرنے کے لیے تیار ہیں، بارش ہو یا کوئی اور مسئلہ، واسا لاہور کراچی کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ مرتضیٰ وہاب کراچی کے تین کروڑ عوام کی فلاح کے جذبے کے ساتھ لاہور آئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک کمرے میں بیٹھ کر پورے پنجاب کی نگرانی کر سکتے ہیں، لاہور سمیت پورے صوبے کو سیف سٹی کنٹرول روم کے ذریعے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔