انٹرپول نے ملک ریاض اور ان کے بیٹے کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیے، دونوں جلد گرفتار ہوں گے: نیب

انٹرپول نے ملک ریاض اور ان کے بیٹے کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیے، دونوں جلد گرفتار ہوں گے: نیب

اسلام آباد (ویب ڈیسک) انٹرپول نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور ان کے بیٹے علی ریاض ملک کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔ چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ نے میڈیا کو بتایا کہ نیب کی درخواست پر انٹرپول نے ملک ریاض اور علی ریاض کے وارنٹ جاری کیے ہیں، دونوں ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ ڈی جی آپریشنز نیب امجد مجید اولکھ کے مطابق ملک ریاض کے خلاف 900 ارب روپے سے زائد مالیت کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال نیب نے 89 ارب روپے کی ریکوری کی، جبکہ اس وقت منی لانڈرنگ سے متعلق 37 ہائی پروفائل کیسز پر کارروائی جاری ہے۔ ان کے مطابق منی لانڈرنگ کے 4 کیسز عدالتوں سے ختم ہو چکے ہیں، جبکہ اس وقت نیب کے پاس 289 ریفرنسز، 205 انویسٹی گیشنز اور 745 انکوائریز زیر التوا ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال جنوری سے مارچ تک 8 ہزار 563 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 8 ہزار 214 نمٹا دی گئیں جبکہ 475 پر کارروائی جاری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بحریہ ٹاؤن سمیت مختلف ہاؤسنگ منصوبوں پر تحقیقات جاری ہیں، سندھ میں ملیر، کورنگی، کلفٹن اور گل احمد ملز سے زمین واگزار کرائی گئی ہے، جبکہ پنجاب میں 9 لاکھ ایکڑ سے زائد زمین واپس حاصل کی گئی ہے۔ واگزار کرائی گئی زمین کی نگرانی کے لیے صوبائی سطح پر ٹاسک فورس بھی قائم کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ملک ریاض کی عمر 72 سال ہے اور وہ بحریہ ٹاؤن کے بانی اور چیئرمین ہیں، جبکہ ان کے 48 سالہ بیٹے علی ریاض ملک کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔