سندھی نوجوان کی سرپرستی پر عطا تارڑ کی تعریف، سندھ حکومت پر سوالات اٹھنے لگے

عطا اللہ تارڑ نے خیرپور سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ نوجوان اظہر میمن سے ملاقات کی اور انہیں ملازمت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی

سندھی نوجوان کی سرپرستی پر عطا تارڑ کی تعریف، سندھ حکومت پر سوالات اٹھنے لگے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے خیرپور سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ نوجوان اظہر میمن سے ملاقات کی اور انہیں ملازمت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ عطا تارڑ نے ایکس پر ملاقات کی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں انہوں نے اظہر میمن کو اپنی نشست پر بٹھایا۔ اس موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے اور نوجوان اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکا۔ ویڈیو میں وہ جذباتی ہوتے ہوئے کہتا ہے کہ یہ لمحات اس کے لیے انتہائی خاص ہیں۔ اپنے پیغام میں عطا تارڑ نے لکھا کہ اظہر میمن سے ملاقات ایک نہایت جذباتی اور متاثر کن لمحہ تھا۔ چند روز قبل اظہر میمن کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے اپنی زندگی کے مشکل حالات اور جدوجہد کا احوال بیان کیا تھا۔ اظہر میمن نے کراچی یونیورسٹی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ انہوں نے اظہر میمن کو اسلام آباد بلایا، ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں روزگار کے مناسب انتظام کی یقین دہانی کرائی ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے عطا تارڑ کے اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے، جبکہ بعض افراد نے افسوس کا اظہار بھی کیا ہے کہ 2003 میں آئی بی اے کراچی سے ایم بی اے کرنے کے باوجود اظہر میمن کو سخت حالات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی صارفین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا سندھ حکومت ایسے قابل اور لائق نوجوانوں کی قدر نہیں کرتی۔