کراچی (رپورٹر): سندھ کے سینئر وزیر اور اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی، خوشحالی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ بجٹ 2026-27 میں کراچی کے لیے 100 ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔
بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے مختص فنڈز پانی کی فراہمی، گندے پانی کی نکاسی، سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور دیگر بنیادی سہولیات پر خرچ کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت عوام کی سفری ضروریات پوری کرنے کے لیے تاریخی قدم اٹھا رہی ہے، جس کے تحت 500 جدید الیکٹرک بسیں اور ڈبل ڈیکر بسیں جلد کراچی کی سڑکوں پر چلتی نظر آئیں گی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا سندھ حکومت کی معاشی حکمت عملی کا اہم ستون ہے، جبکہ بجٹ میں نوجوانوں کے روشن مستقبل کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی زونز، ترقیاتی منصوبے، ٹرانسپورٹ اسکیمیں اور بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبے ہزاروں نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے دروازے کھولیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کچھ عناصر سیاسی مقاصد کے لیے کراچی اور سندھ کے بارے میں منفی تاثر پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں، جبکہ عوام ترقیاتی منصوبوں، بہتر ٹرانسپورٹ، جاری تعمیراتی کاموں اور فلاحی اقدامات کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔
0 تبصرے