صدر زرداری کی صحت سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں: سلیم مانڈوی والا

صدر زرداری کی صحت سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں: سلیم مانڈوی والا

اسلام آباد (عوامی آواز نیوز) پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں، جن کی وہ تردید کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پیٹرولیم لیوی اور دیگر فیصلوں کے ساتھ ایف بی آر کے ٹارگٹ کا بھی ذکر ہوا، جو پورا نہیں ہو سکا، جس کے باعث عوام پر بوجھ بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سخت فیصلے کرنا ہوں گے کیونکہ یہ انتہائی مشکل وقت ہے، اب تاخیر کی گنجائش نہیں اور فوری اقدامات ضروری ہیں۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ہماری عادت بن چکی ہے کہ جب تک کوئی بڑا مسئلہ سامنے نہ آئے ہم سنجیدگی اختیار نہیں کرتے۔ اگر چند سال قبل ہی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو الیکٹرک وہیکلز (ای وی) پر منتقل کرنے کی سمت میں کام شروع کیا جاتا، اس پر سرمایہ کاری اور سبسڈی دی جاتی تو آج حالات اتنے مشکل نہ ہوتے۔ پیپلز پارٹی کے تحفظات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ مسئلہ کسی کی حمایت کا نہیں بلکہ احساس کا ہے، جب تک ہمیں یہ شعور نہیں ہوگا کہ ملک اور عوام کے مفاد میں کیا ہے، تب تک مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں کو فروغ نہیں دینا چاہیے اور جو لوگ اس قسم کی پروپیگنڈا کر رہے ہیں وہ غلط کر رہے ہیں۔