نبیل ظفر کی اسکاٹ لینڈ نژاد لڑکی سے محبت کی دلچسپ کہانی

نبیل نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اہلیہ کو حق مہر میں 500 روپے دیئے تھے

نبیل ظفر کی اسکاٹ لینڈ نژاد لڑکی سے محبت کی دلچسپ کہانی

اداکار، ہدایت کار و پروڈیوسر نبیل کو زیادہ تر لوگ مزاحیہ اداکاری کی وجہ سے جانتے ہیں لیکن انہیں شہرت سنجیدہ کرداروں کی وجہ سے ملی۔ نبیل پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پیدا ہوئے مگر پھر کراچی منتقل ہوگئے۔ بعدازاں اداکاری میں خود کو منوانے کی کوشش کی۔ نبیل کا پیدائشی نام ندیم ظفر ہے جب کہ انہیں شوبز کی دنیا میں نبیل ظفر کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کیریئر میں دوسرے اداکاروں کے مقابلے میں کم ڈراموں میں اداکاری کی مگر انہیں شہرت زیادہ کام کرنے والوں سے بھی زیادہ ملی۔ نبیل نے 2000 ء میں شادی کی تھی اور شادی کے بعد وہ کچھ عرصہ شوبز سے بھی غائب رہے تھے۔ ان کے 4 بچے ہیں اور وہ ماضی کی طرح اب بھی کچھ ہی ڈراموں میں دکھائی دیتے ہیں۔ نبیل ظفر کو زیادہ تر لوگ ان کے مقبول کامیڈی ڈرامے ’بلبلے‘ کی وجہ سے جانتے ہیں مگر بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن کے مقبول ترین ڈراموں میں شمار ہونے والے ڈراموں ’دھواں‘ اور ’دن اور دلدل‘ میں بھی کام کیا۔ حیران کن طور پر ان کے پی ٹی وی کے مقبول ڈراموں کو دیکھ کر ہی برطانیہ کی ریاست اسکاٹ لینڈ میں رہنے والی پاکستانی نژاد لڑکی ان پر فدا ہوئی اور ان سے رشتہ ازدواج میں بندھ گئی۔ نبیل اپنی اہلیہ سلمیٰ ظفر کے ہمراہ ایک ٹی وی شو میں شریک ہوئے۔ شو میں نبیل نے بتایا کہ وہ آج تک اپنی اداکاری کے کام سے75 فیصد غیر مطمئن ہیں۔ انہیں لگتا ہے کہ انہوں نے اچھا کام نہیں کیا۔ نبیل ظفر کا کہنا تھا کہ2000 ء میں انہوں نے اداکاری سے کچھ وقت کے لیے وقفہ لیا کیوں کہ اس وقت ان کی شادی ہوئی اور دیگر کچھ معاملات بھی تھے۔ نبیل کے مطابق 2006 ء کے بعد انہوں نے اداکاری کے علاوہ ہدایت کاری اور پروڈکشن کا بھی فیصلہ کیا، جس کی وجہ سے انہوں نے2009 ء میں اپنے دو قریبی دوستوں کے ساتھ مل کر ’بلبلے‘ بنایا اور انہیں یقین تھا کہ وہ کامیاب جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ’بلبلے‘ کا اسکرپٹ2006 ء میں ہی ان کے دوست علی عمران نے لکھ لیا تھا مگر اس پر انہوں نے کام 2009 ء میں شروع کیا اور ابتدائی طور پر ’بلبلے‘ میں حنا دلپذیر کا کردار نہیں تھا مگر بعد میں ان کے کردار کو مستقل کردار میں تبدیل کیا گیا۔