جھڑک کے قریب نشے کے عادی شخص نے بیوی اور 2 بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی

جھڑک کے قریب نشے کے عادی شخص نے بیوی اور 2 بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی

ٹھٹھہ (شفیق بھٹی) جھڑک کی حدود، یونین کونسل ٹنڈو حافظ شاہ کے قریب کیٹی کوسا گاؤں میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں منشیات جیسی لعنت میں مبتلا 30 سالہ رکھو کوسو نے نشے کے لیے پیسے نہ ہونے پر اپنے گھر میں قیامت برپا کر دی۔ ملزم نے اپنی بیوی اور چار بچوں پر چاقو اور کلہاڑی سے حملے کیے، جس کے نتیجے میں اس کی بیوی اور دو معصوم بیٹیاں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ دو بچے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد ملزم رکھو کوسو نے خود پر بھی پستول سے فائر کر کے خودکشی کر لی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی، لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا، جبکہ زخمی بچوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ ذرائع کے مطابق رکھو کوسو کافی عرصے سے منشیات کا عادی تھا اور اکثر نشے کے لیے پیسوں کے معاملے پر گھر میں جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔ اس واقعے نے پورے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کے گھر میں کہرام مچا ہوا ہے۔ علاقے کے معززین اور سماجی حلقوں نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات کے کاروبار کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے، تاکہ مستقبل میں ایسی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔