گل پلازہ سانحہ پر سیاست افسوسناک ھے، ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی: وزیر داخلہ سندھ

گل پلازہ سانحہ پر سیاست افسوسناک ھے، ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی: وزیر داخلہ سندھ

سانگھڑ (حسنین عاشق ساند) وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے کہا ہے کہ گل پلازہ سانحہ پر سیاست کرنا انتہائی افسوسناک ہے، واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا جس پر پوری سندھ حکومت رنجیدہ ہے، جبکہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہدادپور پولیس ٹریننگ کالج میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ نے بتایا کہ گل پلازہ سانحہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں غفلت اور لاپرواہی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس واقعے کو اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی سے جوڑا جا رہا ہے جو قطعی طور پر ناقابلِ فہم ہے۔ لاشوں پر سیاست کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ضیاءالحسن لنجار نے واضح کیا کہ گل پلازہ کی لیز ماضی میں دی گئی تھی اور وزیراعلیٰ سندھ تمام حقائق قوم کے سامنے رکھ چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا اعلان کر چکے ہیں جبکہ متاثرہ تاجروں کو دکانیں بنا کر دی جائیں گی۔ امن و امان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ صوبے میں امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں جبکہ بعض علاقوں میں ڈاکوؤں نے سرنڈر بھی کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات کے خلاف خصوصی ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے جو مؤثر انداز میں کام کر رہی ہے۔ قبل ازیں وزیر داخلہ سندھ نے پولیس ٹریننگ کالج شہدادپور میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کی قربانیاں قابل فخر ہیں اور اللہ کے فضل سے آج صوبے میں کوئی نوگو ایریا موجود نہیں۔ گھوٹکی اور کشمور کے کچے کے علاقوں میں آپریشن جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ اور پنجاب پولیس بارڈر ایریاز میں مشترکہ کارروائیاں کر رہی ہیں۔ وزیر داخلہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے سندھ پولیس اور رینجرز کی کارکردگی کو سراہنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ٹریننگ کالج شہدادپور سے 683 جوانوں نے کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیسنگ صرف طاقت کا نام نہیں بلکہ قانون کی بالادستی، انسانی حقوق کے احترام اور عوام کی خدمت کا تقاضا کرتی ہے۔ تقریب سے پولیس ٹریننگ کالج شہدادپور کی پرنسپل ایس ایس پی زاہدہ پروین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سینیٹر قرت العین مری، پیپلز پارٹی کے رہنما عاجز دھامراہ، ایم این اے علاؤالدین جونیجو، جاوید نایاب لغاری، نوید ڈیرو سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔