پی ٹی آئی چھوڑنے والے رہنماؤں کے آپس میں مذاکرات جاری ہیں، فواد چوہدری

25کروڑ عوام کو نواز شریف اور آصف زرداری کے سہارے نہیں چھوڑا جاسکتا

پی ٹی آئی چھوڑنے والے رہنماؤں کے آپس میں مذاکرات جاری ہیں، فواد چوہدری

سابق وفاقی وزیر و پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے جبکہ پارٹی میں شامل افراد سے بھی رابطے کیے گئے ہیں۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ 9 مئی کے بعد ایک صورتحال پیدا ہوئی ہم سب نے ان واقعات کی مذمت کی، سمجھتے ہیں 9 مئی کے واقعات میں جو عناصر ملوث ہیں ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھے گی، پہلے بھی کہا تھا کہ شفاف تحقیقات جو بھی ہوں گی جیسے بھی آگے معاملہ ہوگا آگے چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 25کروڑ کی آبادی کا ملک ہے، 25 کروڑ عوام کو نواز شریف اور آصف زرداری کے سہارے نہیں چھوڑا جاسکتا، موجودہ پی ڈی ایم کی حکومت میں پاکستان کے جو حالات ہیں اس میں کسی طور ممکن نہیں کہ عوام کو پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سہارے چھوڑا جائے، اس معاشی اور آئینی بے یقینی میں پی ڈی ایم براہ راست ذمہ دار ہے۔