ہتھیار ڈال دو یا انجام کو پہنچو: ضیاءُ الحسن لنجار کی ڈاکوؤں کو آخری وارننگ

ہتھیار ڈال دو یا انجام کو پہنچو: ضیاءُ الحسن لنجار کی ڈاکوؤں کو آخری وارننگ

کراچی؛ سندھ کے وزیر داخلہ ضیاءُ الحسن لنجار نے کہا ہے کہ سندھ پولیس نے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اب جرائم پیشہ عناصر کے پاس صرف دو ہی راستے ہیں، یا تو وہ ہتھیار ڈال دیں یا انجام کو پہنچیں۔ سینٹرل پولیس آفس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ضیاءُ الحسن لنجار نے کہا کہ 15 دسمبر کو گھوٹکی کے بارڈر ایریا میں صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی کوچ کے 14 مسافروں کو اغوا کیا گیا تھا، جس پر سندھ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے رینجرز اور پنجاب حکومت کے تعاون سے مشترکہ آپریشن کے ذریعے تمام مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا، تاہم ایک شخص اغوا کے دوران دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے کئی خفیہ ٹھکانے تباہ کیے گئے اور متعدد خطرناک ملزمان مارے گئے، جبکہ ڈاکوؤں کے قبضے سے جدید اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ کراچی میں بھتہ خوری کے حوالے سے ضیاءُ الحسن لنجار نے کہا کہ پانچ بڑے نیٹ ورکس بیرونِ ملک سے سرگرم تھے، جن کے خلاف کارروائی کے دوران 32 ملزمان گرفتار، 7 زخمی جبکہ ایک مارا گیا۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ بھتہ خوری کے نیٹ ورکس کے خلاف قانونی دائرے میں رہتے ہوئے بھرپور کارروائیاں جاری ہیں اور سندھ میں جرائم پیشہ افراد کے لیے کوئی جگہ نہیں۔