امارات میں موسلا دھار بارش، شارجہ زیرِ آب، دبئی میں ٹریفک مفلوج ہونے لگا

متحدہ عرب امارات میں شدید بارش کے باعث شارجہ کی سڑکوں پر پانی جمع جبکہ دبئی میں ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی۔

امارات میں موسلا دھار بارش، شارجہ زیرِ آب، دبئی میں ٹریفک مفلوج ہونے لگا

متحدہ عرب امارات میں جمعرات کے روز تیز اور مسلسل بارش نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے۔ شارجہ میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا اور شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب دبئی کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، کئی سڑکوں پر گاڑیوں کی رفتار سست ہو گئی جبکہ بعض مقامات پر جزوی رکاوٹیں بھی دیکھنے میں آئیں۔ ادھر دبئی پولیس نے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران خراب موسمی حالات کے پیش نظر حفاظتی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شارجہ پولیس نے بھی ڈرائیوروں کے لیے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش کے دوران رفتار کم رکھی جائے، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھا جائے اور محتاط ڈرائیونگ کو یقینی بنایا جائے۔ حکام نے مزید ہدایت دی ہے کہ ساحلی علاقوں، وادیوں اور ان مقامات پر جانے سے گریز کیا جائے جہاں سیلابی پانی جمع ہونے کا خدشہ ہو۔ واضح رہے کہ امارات میں اس ہفتے موسمی اتار چڑھاؤ جاری ہے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو الرٹ رہنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔