ٹراؤن بلاک چین کے بانی جسٹن سن نے پاکستان کے دورے کے دوران رکشے کی سواری اور ڈرائیونگ کر کے محنت کش طبقے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ٹراؤن (TRON) بلاک چین نیٹ ورک کے بانی اور عالمی شہرت یافتہ چینی کرپٹو ارب پتی جسٹن سن پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اپنے وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ چین پہنچنے پر انہوں نے اپنے دورہ پاکستان کو نہایت کامیاب قرار دیا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر یہاں گزارے گئے یادگار لمحات کی مختلف ویڈیوز شیئر کیں۔
ان ویڈیوز میں ایک مختصر مگر توجہ حاصل کرنے والی ویڈیو بھی شامل ہے، جس میں جسٹن سن پہلے رکشے کی سواری کرتے اور بعدازاں خود رکشہ چلانے کی کوشش کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کی خاص توجہ حاصل کی۔
ویڈیو کے کیپشن میں جسٹن سن نے لکھا کہ پاکستان میں رکشہ محض ایک سواری نہیں بلکہ لاکھوں ڈرائیوروں کے لیے اپنے پورے خاندان کی کفالت کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے رکشوں کو شہر کی شریانوں سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ کیپلیرز کی مانند ہیں جو شہری زندگی کو آپس میں جوڑتے ہیں اور روزمرہ کے معمولات کو رواں رکھتے ہیں۔
جسٹن سن کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں ہر روز محنت کرنے والے افراد کا دل سے احترام کرتے ہیں۔
اس سے قبل جسٹن سن نے اپنے دورہ پاکستان پر مشتمل ایک وی لاگ بھی شیئر کیا، جس میں انہوں نے حکومتِ پاکستان، معاون خصوصی برائے بلاک چین اور کرپٹو بلال بن ثاقب، اور معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر، ٹک ٹاکر و اداکار مومن ثاقب کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کی دعوت پر جسٹن سن نے حال ہی میں اسلام آباد کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے کرپٹو اور بلاک چین سے متعلق مختلف سرگرمیوں میں شرکت کی۔ ان کا یہ دورہ پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت اور کرپٹو شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
0 تبصرے