واٹس ایپ ہیکنگ سے بچاؤ کے طریقے: این سی سی آئی اے نے عوام کے لیے رہنمائی جاری کر دی

این سی سی آئی اے نے شہریوں کو واٹس ایپ اور فون کال کے ذریعے ہونے والے فراڈ سے محفوظ رہنے کے لیے آسان اور مؤثر ہدایات جاری کی ہیں۔

واٹس ایپ ہیکنگ سے بچاؤ کے طریقے: این سی سی آئی اے نے عوام کے لیے رہنمائی جاری کر دی

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے واٹس ایپ ہیکنگ اور فون کال کے ذریعے فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیشِ نظر شہریوں کے لیے احتیاطی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق ادارے نے عوام کو مشکوک کالز اور پیغامات سے ہوشیار رہنے کی تلقین کی ہے۔ این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اگر کسی بینک منیجر، سرکاری افسر یا کسی ادارے کے نام پر کال موصول ہو تو گھبرانے کے بجائے پہلے اس کی تصدیق کی جائے، کیونکہ کوئی بھی بینک، نادرا یا ایف آئی اے واٹس ایپ کال کے ذریعے رابطہ نہیں کرتا۔ حکام کے مطابق او ٹی پی، پاس ورڈ یا پن کوڈ طلب کرنا اور کال کے دوران ڈرانا یا دباؤ ڈالنا فراڈ کی واضح علامت ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایسی صورت میں فوری طور پر کال منقطع کریں اور اپنی ذاتی معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ این سی سی آئی اے نے مزید کہا کہ مشکوک کال یا پیغام کی اطلاع فوری طور پر پی ٹی اے کو 9000 پر ایس ایم ایس کے ذریعے یا ایف آئی اے کو 1991 پر کال کر کے دی جائے، تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔