اسلام آباد (ویب ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک نے سرکاری اداروں میں اصلاحات اور سندھ کے ساحلی اضلاع میں قدرتی آفات سے تحفظ کے لیے 540 ملین ڈالر کے دو منصوبے منظور کر لیے ہیں۔
ای ڈی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، 540 ملین ڈالر میں سے 400 ملین ڈالر نتائج کی بنیاد پر دیے جانے والے قرض SOE ٹرانسفارمیشن پروگرام کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ 140 ملین ڈالر کا رعایتی قرض سندھ کوسٹل ریزیلینس سیکٹر پروجیکٹ کے لیے دیا گیا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق، SOE اصلاحاتی پروگرام پاکستان کے سرکاری اداروں میں کارپوریٹ گورننس اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے بارے میں کنٹری ڈائریکٹر ایما فان نے کہا کہ یہ پروگرام سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی جیسے بڑے ادارے کی تنظیمِ نو اور تجارتی بنیادوں پر استحکام کو ترجیح دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام ای ڈی بی کا سرکاری شعبے میں اصلاحات کے لیے پہلا مکمل طور پر نتائج سے منسلک قرض ہے۔
ایما فان نے مزید کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کئی سالوں سے SOE اصلاحات میں پاکستان کی مدد کر رہا ہے اور یہ نتائج پر مبنی حکمتِ عملی گورننس، ادارہ جاتی صلاحیت، ڈیجیٹلائزیشن، روڈ سیفٹی اور مالی پائیداری میں مزید بہتری لائے گی۔
0 تبصرے