پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے بائنانس اور ایچ ٹی ایکس کو این او سی جاری

این او سی اداروں کے ساتھ مشترکہ مشاورت، جائزے اور باضابطہ کارروائی کے بعد جاری

پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے بائنانس اور ایچ ٹی ایکس کو این او سی جاری

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی (PVARA) نے بائنانس اور ایچ ٹی ایکس کو این او سی جاری کر دیے ہیں۔ پاکستان کرپٹو کونسل کے مطابق، این او سی اداروں کے ساتھ مشترکہ مشاورت، جائزے اور باضابطہ کارروائی کے بعد جاری کیے گئے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ بائنانس اور ایچ ٹی ایکس کو پاکستان میں ابتدائی تیاری اور مشاورتی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت مل گئی ہے، جبکہ این او سی مکمل آپریٹنگ لائسنس نہیں ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ این او سی فریم ورک کا آغاز مالی نظم و ضبط اور ذمہ داری کے ساتھ جدت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی وی اے آر اے دنیا کی پہلی اے آئی سے چلنے والی ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی بننے جارہی ہے۔ اتھارٹی نے ایویلیویشن سسٹم، ریکروٹمنٹ، پورٹل اور اے آئی اسٹینڈرڈ ٹول متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے نگرانی کی صلاحیت میں بہتری آئے گی۔